Dawn News Television

اپ ڈیٹ 04 جون 2022 04:42pm

پیٹرول مہنگا ہونے پر قیدیوں کو عدالت لانے کے بجائے بذریعہ ویڈیو لنک حاضری لگانے کا حکم

پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے سبب کفایت شعاری کرتے ہوئے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے اڈیالہ جیل سے قیدیوں کو کچہری لانے کی بجائے ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگانے کا حکم دے دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد شرقی محمد عطا ربانی کے ماتحت ججز کو جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر سرکاری خزانہ بچانے کے لیے تمام جوڈیشل مجسٹریٹس کو انڈر ٹرائل قیدیوں کی حاضری آن لائن ویڈیو لنک یا بذریعہ اسکائپ لگانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

یہ حکم ان ملزمان کے لیے جاری کیا گیا جن کے چالان ابھی جمع نہیں ہوئے اور کسی ٹھوس کارروائی کے لیے ان کی حاضری جسمانی طور پر درکار نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ، خیبرپختونخوا میں وزرا، سرکاری افسران کے ایندھن کے کوٹے میں کٹوتی

حکم نامے میں کہا گیا کہ انہیں (جوڈیشل مجسٹریٹس) کو اس مقصد کے لیے پہلے سے فراہم کردہ انٹرنیٹ اور لیپ ٹاپس استعمال کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ جیسے ہیں چالان یا رپورٹ جمع ہوجائے تو ملزمان کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کے لیے طلب کیا جاسکتا ہے۔

اس کے ساتھ ہی نوٹیفکیشن میں دن 11 بجے سے ایک بجے تک ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کے لیے 5جوڈیشل مجسٹریٹ مقرر کیے گئے ہیں۔

ایک ہفتے کے دوران ایندھن کی قیمتوں میں 60 روپے فی لیٹر کے غیر معمولی اضافے کے باعث سرکار پر تنقید کے بعد سے کفایت شعاری کے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید پڑھیں: پیٹرول کی قیمت میں اضافہ: سی اے اے ملازم نے گدھا گاڑی لانے کی اجازت مانگ لی

قبل ازیں سندھ اور خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومتوں نے کابینہ کے ارکان، اراکین اسمبلی اور سرکاری افسران کے ایندھن کے کوٹے میں ایک تہائی سے زائد کمی کردی تھی۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے سمیت تمام صوبائی حکومتی عہدیداروں اور وزرا کے لیے ایندھن کے کوٹے میں 40 فیصد کمی کی منظوری دی۔

ان کا کہنا تھا کہ کم کیے گئے کوٹے سے ایندھن کے اخراجات صوبائی حکومت اور بلدیاتی اداروں کے منظور شدہ بجٹ کے مطابق کرنے میں مدد ملے گی۔

تاہم اس کا اطلاق محکمہ صحت، پولیس اور شہری اداروں جیسی ضروری خدمات پر نہیں ہوگا البتہ ان کے افسران پر لاگو ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مزید 30 روپے فی لیٹر بڑھانے کا اعلان

اسی طرح کراچی کے ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے لیے بھی ایسا ہی حکم جاری کیا، جس میں میونسپلٹی افسران کے لیے فیول کوٹہ میں 40 فیصد کمی کی گئی۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے تمام صوبائی حکومتوں کے محکموں اور خود مختار اور نیم خود مختار اداروں کے ایندھن کے اخراجات میں 35 فیصد کمی کا اعلان کیا، تاہم پولیس، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور ہسپتالوں کے جنریٹرز اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

کوٹے میں کمی کا اطلاق صوبائی وزرا، مشیروں، وزیر اعلیٰ کے معاونین خصوصی، افسران، معاونین، صوبائی حکومت کے کنٹریکٹ ملازمین اور صوبے کے انتظامی کنٹرول میں خود مختار اور نیم خودمختار اداروں پر ہوگا۔

Read Comments