Dawn News Television

اپ ڈیٹ 04 جولائ 2022 02:14pm

سیلاب میں روڈ بہہ جانے کے سبب سیاح شندور میں پھنس گئے

پولیس اور مقامی لوگوں کے مطابق بالائی چترال میں شندور پولو فیسٹیول سے واپس آنے والے سیکڑوں سیاح ضلع کے علاقے لاسپور میں تین ندی نالوں میں طغیانی کے باعث پھنسے ہوئے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دور دراز کے علاقے سے تعلق رکھنے والے پولیس حکام نے ڈان کو بتایا کہ کم از کم تین نالوں میں سیلاب آنے سے تقریباً ایک سے ڈیڑھ ہزار گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں جہاں مقامی حکام سڑکوں کو دوبارہ کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: بلوچستان، خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی

لاسپور کا علاقہ چترال شہر سے تقریباً 130 کلومیٹر شمال میں واقع ہے، یہ دنیا کا بلند ترین پولو گراؤنڈ شندور ٹاپ کے منہ پر واقع ہے۔

ایک پولیس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ پہاڑی نالے میں سے ایک ہرچن گول میں ہفتے کی رات سیلاب آگیا، سیلاب نے ہرچن گول کے مقام پر پُل بہا دیا، اتوار کو جب حکام نے بھاری مشینری کو تعینات کرنے کے بعد سڑک کو تقریباً کلیئر کر دیا تو ایک بار پھر سیلاب آگیا جس سے سیکڑوں سیاح متاثر ہوئے۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ سیلاب میں ایک گاڑی بھی بہہ گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پہاڑی نالے میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جو پیر کی صبح تک ختم ہونے کا امکان ہے، سڑک کی مرمت کا کام شروع کیا جاسکتا ہے، اسی طرح ایک اور پہاڑی ندی کے قریب شیداس گول میں بھی سیلاب آگیا ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ دریائے لاسپور کے دوسری طرف گشت گاؤں کے راستے فور وہیل گاڑیوں کے لیے ایک متبادل سڑک کھول دی گئی ہے، ہرچن اور شیداس نالہ کو بائی پاس کرنے کے لیے صرف فور وہیلر اور موٹر سائیکلیں سڑک کا استعمال کر سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: موسم انتہائی خراب، کوہ پیما چوٹی سرکرنے کو بےتاب

اہلکار نے بتایا کہ تین روزہ پولو فیسٹیول سے واپس آنے والے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد سیلاب کی وجہ سے پھنس گئی، پیر کی صبح تک ان کے لیے کوئی راحت نظر نہیں آئی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاحوں کے لیے رات گزارنا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا کیونکہ ان میں سے اکثر اپنے ساتھ خیمے لے کر گئے تھے، وہ گاؤں میں کہیں بھی خیمے لگا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ جب سیاح شندور جاتے ہیں تو عام طور پر کھانے کی اشیا بھی اپنے ساتھ لے جاتے ہیں۔

تاہم علاقے کے ایک رہائشی نے ڈان کو بتایا کہ گشت گاؤں سے گزرنے والی متبادل سڑک بھی گشت گول نالہ میں طغیانی کی وجہ سے بند ہے۔

گشت گول میں سیلاب کی کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی۔

مزید پڑھیں: گوادر میں بارش کے بعد سیلابی صورتحال

تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث لاسپور کے تین علاقوں میں بڑی تعداد میں لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔

اپر اور لوئر چترال دونوں کے ڈپٹی کمشنر تبصرے کے لیے دستیاب نہیں تھے۔

اس سے قبل اتوار کو چترال اے نے گلگت اے ٹیم کو 9 گول سے شکست دے کر سالانہ شندور پولو فیسٹیول جیت لیا، تین روزہ میلے کا فائنل شندور کے دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ میں ہوا۔

میلے میں صوبے اور ملک بھر کے دیگر حصوں سے ہزاروں سیاحوں نے شرکت کی۔

انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (ایف سی) نارتھ میجر جنرل عادل یامین اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی پاکستان کو سیلاب سے متعلق پیشگی اطلاع فراہم کرنے کی یقین دہانی

انہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں، فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں پاکستان آرمی فزیکل ٹریننگ اسکول ایبٹ آباد کے پیرا گلائیڈرز، آرمی کے اسپیشل سروسز گروپ کے پیرا ٹروپرز نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

چترال کی سور لاسپور کی ٹیم نے پہلے دن کا پولو میچ اپنے غذر مخالفین کے خلاف 15 گول کر کے جیت لیا۔

Read Comments