Dawn News Television

شائع 29 جولائ 2022 09:12am

عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب کا ویڈیو لنک پر رابطہ، سیاسی، انتظامی امور پر تبادلہ خیال

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور ان کے صاحبزادے سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ویڈیو لنک پر بات چیت کی اور صوبے میں فلاح عامہ کے منصوبوں پر عملدرآمد اور ان کی توسیع سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے مختصر دور میں پی ٹی آئی حکومت کے دور میں شروع کیے گئے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں جیسا کہ احساس پروگرام اور صحت انصاف کارڈ کو نظر انداز کیا۔

چوہدری پرویز الٰہی نے زور دے کر کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت کے فلاحی پروگراموں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: چوہدری پرویز الہٰی نے وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھا لیا

ویڈ لنک کے ذریعے ہونے والی اس میٹنگ میں صوبے کے سیاسی اور انتظامی امور کے ساتھ عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔

اس دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب کے عوام پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیر داخلہ کی گورنر راج کی بونگیاں شرمناک ہیں، ان کو سمجھ نہیں کیا بات کر رہے ہیں، فواد چوہدری

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی جیت عمران خان کے بیانیے کی جیت ہے۔

اسی دوران، پی ٹی آئی کے سربراہ نے پنجاب حکومت سے جنوبی پنجاب اور ضلع میانوالی کے سیلاب زدہ علاقوں میں لوگوں کو فوری طور پر امداد فراہم کرنے کا بھی کہا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں نے خیبر پختونخوا حکومت سے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو فوری طور پر امداد فراہم کرنے کا کہا ہے۔

Read Comments