Dawn News Television

اپ ڈیٹ 29 اگست 2022 05:58pm

حنا الطاف کی سیلاب متاثرہ خواتین کے لیے سینیٹری پیڈز عطیہ کرنے کی اپیل

پاکستان بھر میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد فلاحی اداروں سمیت اہم شخصیات نے امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں اور اس ضمن میں متعدد شوبز شخصیات فنڈز جمع کرنے میں بھی مصروف ہیں۔

اداکارہ حنا الطاف نے بھی سیلاب متاثرین کے لیے عطیات جمع کرنا شروع کردیے ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے وہ بڑھ چڑھ کر متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئیں۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لوگوں کو تجویز دی کہ وہ غذا تیار کرنے والی چیزیں فراہم کرنے کے بجائے متثرین کے لیے تیار غذائیں دیں تو اچھا ہے، کیوں کہ سیلاب کی وجہ سے متاثرین غذاؤں کو تیار کرنے کے قابل بھی نہیں رہے۔

انہوں نے ویڈیو میں عوام سے اپیل کی وہ بڑھ چڑھ کر فلاحی تنظیموں کو عطیات جعم کروائیں، وہ یہ نہ سوچیں کہ ان کے پاس جمع کروانے کے لیے کچھ بھی نہیں، ان کی جانب سے دیا گیا محض 100 روپیہ بھی اس وقت بہت بڑا ہے۔

حنا الطاف نے ویڈیو میں مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ فلاحی تنظیموں کو عطیات جمع کرواتے وقت خواتین کے استعمال میں آنے والی اشیا بھی ضرور دیں۔

انہوں نے عوام کو اپیل کی کہ وہ فلاحی تنظیموں کو خواتین کے لیے سینیٹری پیڈز اور بچوں کے لیے پیمپرز بھی عطیہ کریں، کیوں کہ سیلاب سے متاثرہ بچے انتہائی ناقص حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

اداکارہ نے مداحوں کو اپیل کی کہ اگر ان کے گھر میں پانی کی ایک خالی بوتل بھی اضافی ہے تو وہ بھی عطیہ کریں، کیوں کہ اس سے بھی بہت بڑا فرق پڑنے والا ہے۔

Read Comments