Dawn News Television

شائع 12 ستمبر 2022 08:40pm

ہم ایوارڈز کی ٹکٹ کے پیسے سیلاب متاثرین میں عطیہ کرنے کا اعلان

رواں ماہ کے اختتام میں ہونے والے ہم ٹی وی ایوارڈز کی ٹکٹ سے حاصل ہونے والی رقم کے ایک حصے کو سیلاب متاثرین میں عطیہ کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

ہم ٹی وی نیٹ ورک کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے کی گئی ٹیلی تھون میں سلطانہ صدیقی، درید اور مومنا درید سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی، جہاں انہوں نے ٹی وی ایوارڈز کی رقم کے ایک حصے کو متاثرین کی مدد کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔

ٹیلی تھون کی میزبان احسن خان اور جگن کاظم نے کی جب کہ بشریٰ انصاری سمیت کئی معروف شوبز شخصیات اس کا حصہ بنیں اور لوگوں نے ٹیلی فون کرکے متاثرین کی مدد کے لیے رقم کا اعلان کیا۔

ٹیلی تھون کے دوران ہی ہم ٹی وی نیٹ ورک کے اعلیٰ عہدیداروں نے اعلان کیا کہ رواں ماہ 24 ستمبر کو کینیڈا میں ہونے والے ایوارڈز کی ٹکٹ سے حاصل ہونے والی کمائی کا ایک حصہ سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ کیا جائے گا۔

انتظامیہ کی جانب سے اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ ٹکٹ سے حاصل ہونے والی رقم کا کتنا حصہ متاثرین کی مدد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں ٹیلی تھون کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ ہم ٹی وی نیٹ ورک کے ملازمین نے اپنی ایک دن کی تنخواہ سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ کی ہے، جس پر انتطامیہ ملازمین کی مشکور ہے۔

ٹیلی تھون کے دوران ہم ٹی وی نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) درید قریشی نے بتایا کہ کینیڈا میں ایوارڈز شو کے درمیان بھی سیلاب متاثرین کے لیے امداد جمع کی جائے گی اور پلیٹ فارم کو متاثرین کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے ہی نیٹ ورک نے ہمدرد کے نام سے متاثرین کی مدد کے لیے مہم شروع کردی ہے، جس کے تحت ملک بھر میں امدادی سامان بھجوایا جا چکا ہے۔

Read Comments