کراچی کے مختلف علاقوں میں غیرمتوقع موسلادھار بارش، دو افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 12 ستمبر 2022
بارش سے گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا—تصویر: ڈان نیوز
بارش سے گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا—تصویر: ڈان نیوز

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ غیرمتوقع موسلادھار بارش ہوئی جس سے کئی روز سے کراچی میں جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ بجلی کا کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بارش کے باعث بلدیہ ٹاؤن کے علاقے پکوڑہ چوک میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے 18 سالہ حماد رفیق جاں بحق ہوگئے، جنہیں قریبی مرشد ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

سعود آباد میں بھی بجلی کا کرنٹ لگنے سے 27 سالہ شہری دم توڑ گئے۔

اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) سعود آباد خالد میمن کا کہنا تھا کہ جاں بحق شہری کی شناخت منیر شفیع کے نام سے ہوئی اور ان کی لاش جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کردی گئی۔

محکمہ موسمیات سے جاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پرانا ایئرپورٹ کے علاقے میں سب سے زیادہ 25.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

کراچی کے دیگر علاقوں میں یونیورسٹی روڈ میں 18 اعشاریہ 5، قائد آباد میں 11 اعشاریہ 5، گلشن حدید میں 10، پی اے ایف فیصل بیس میں 8 اعشاریہ 5، پی اے ایف مسرور بیس میں 7، کیماڑی میں 6 اعشاریہ 5، جناح ٹرمینل میں 6 اور ناظم آباد میں 2 اعشاریہ 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور چند مقامات پر پانی جمع ہوا تھا تاہم انڈرپاسز اور اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھولی ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی بارش رک جاتی ہے تو فوری طور پر جہاں پانی جمع ہوا ہے وہاں سے پانی نکالنے کے لیے پمپ استعمال کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ کراچی میں جمعرات سے شدید گرمی کی لہر جاری تھی اور اس دوران پارہ 40 ڈگری سینٹی تک پہنچ گیا تھا۔

تاہم آج دوپہر میں شہر کے مختلف علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے ساتھ کالی گھٹائیں چھا گئیں اور بارش ہوجانے سے گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

محکمہ موسمیات نے آج شام اور کل بھی شہر میں ہلکی اور تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

ادھر کے الیکٹرک کے ترجمان عمران رانا نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں سے بارش کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، بارش کے دوران شہری برقی آلات کے استعمال میں خصوصی احتیاط کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ تیز ہوا اور آندھی چلنے کی صورت میں زیر تعمیر عمارات، بل بورڈز، اسٹریٹ لائٹ کے کھمبوں سے مناسب فاصلہ رکھیں، ساتھ ہی خبردار کیا کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب حفاظتی اقدامات کے تحت بجلی کی ترسیل میں عارضی تعطل آسکتا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ شہری ٹوٹے ہوئی تاروں، ٹی وی انٹرنیٹ کیبلز، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں، بارش اور کھڑے پانی میں پانی کی موٹر جیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کا عملہ صورتحال کا مستقل جائزہ لے رہا ہے اور الرٹ پر ہے، بجلی کی ایمرجنسی شکایت کی صورت میں 118 پر کال کریں۔

ایک روز قبل محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ نئے موسمی نظام کے زیر اثر شہر میں منگل کے روز بادل برسنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: محکمہ موسمیات کی کراچی سمیت ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ کراچی کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے اور 13 ستمبر (بروز منگل) گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا تھا کہ نئے موسمی نظام کے باعث سندھ کے شہروں تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، میرپورخاص، ٹنڈو محمد خان، سجاول اور ٹھٹھہ میں بھی بارشیں ہوں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں