Dawn News Television

اپ ڈیٹ 19 ستمبر 2022 03:54pm

دبئی جانے والی پرواز میں ہنگامہ آرائی، مسافر کو پاکستان ڈی پورٹ کردیا گیا

پشاور سے دبئی جانے والی پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کی پرواز کے دوران مسافر کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور خراب رویے پر دبئی حکام نے انہیں حراست میں لے کر پاکستان ڈی پورٹ کردیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پشاور سے دبئی جانے والی پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز(پی آئی اے) کی پرواز پی کے-283 میں ایک شخص سوار ہوا، فلائٹ کے اڑان بھرنے کے بعد اُس شخص نے عملے سے کہا کہ اُسے طیارے سے نیچے اتارا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: 24 گھنٹے کے دوران پی آئی اے کے دو فضائی میزبان کینیڈا میں لاپتا

بعد ازاں اُس شخص نے پرواز کے دوران سیٹوں پر لاتیں اور مُکے مارنا شروع کردیے اور طیارے کی کھڑکی کے شیشے کو بھی نقصان پہنچایا جس سے دیگر مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پرواز کے دبئی پہنچنے پر عملے نے مسافر کو سیکیورٹی کے حوالے کردیا، بعد ازاں مقامی حکام نے پی آئی اے انتظامیہ کو اطلاع دی جس نے مسافر کو واپس لانے کے لیے اسلام آباد سے 2 رکنی ٹیم روانہ کی۔

واقعے کی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پرواز کا عملہ مسافر کو پُرسکون رہنے کی تلقین کی لیکن عملے کے ارکان کے مطابق مسافر نے اذان دی اور نماز پڑھنا شروع کردی تھی جس کے بعد وہ نیچے لیٹ گیا تھا۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کے دو طیارے تصادم سے بال بال بچ گئے

ترجمان کا کہنا تھا کہ دوران پرواز مسافر کی غیر معمولی حرکتوں پر کیبن کریو نے اس کے ہاتھ پاؤں باندھ دیے تھے۔

Read Comments