Dawn News Television

اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2022 04:04pm

وزیراعظم کا سندھ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ سندھ اور بلوچستان کے علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متاثرین کی بحالی اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شہباز شریف نے صوبہ سندھ میں اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف ضلع خضدار پہنچے جہاں انہوں نے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ نواب اختر جان مینگل سے ان کے چچا کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔

شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے صحبت پور کے متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں ریلیف اور بحالی کے کاموں پر بریفنگ دی گئی۔

اسی دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صحبت پور سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، علاقے میں پانی کی سطح میں کمی کے باوجود ہر جگہ پانی موجود ہے، بلوچستان میں 25 ہزار روپے کی تقسیم کا عمل 85 فیصد مکمل ہوچکا ہے، اب تک کُل 5 ارب روپے تقسیم ہوچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے 300 یونٹ تک بجلی کے بل نہیں لیے جارہے۔

شہباز شریف نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں، ماہرین کے ساتھ بیٹھ کر طے کیا جائے گا کہ کس متاثرہ علاقوں سے پانی کا اخراج ممکن بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، بحالی کیلئے 10 ارب روپے گرانٹ کا اعلان

واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق پاکستان میں سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے اور ایک ہزار 700 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ادھر سندھ میں سیلاب کے پانی کی وجہ سے ملیریا اور ڈینگی کے کیسز میں بھی اضافہ ہوا ہے، اقوام متحدہ نے صوبے میں امراض سے اموات اور کیسز میں اضافہ کو خطرے کی علامت قرار دیا۔

حالیہ رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کا دفتر برائے رابطہ انسانی امور (یو این او سی ایچ اے) کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے سندھ اور بلوچستان میں پانی کی سطح میں کمی آئی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ سندھ کے اضلاع کشمور، کندھ کوٹ، لاڑکانہ، گھوٹکی، سکھر، ٹنڈو الہیار، شہید بے نظیر آباد، ٹنڈو محمد خان، عمر کوٹ اور سانگھڑ میں پانی کی سطح میں کمی آئی ہے۔

اقوام متحدہ سیٹیلائٹ سینٹر کے مشاہدے کے مطابق بلوچستان میں تقریباً 300 مربع کلومیٹر، پنجاب میں 900 مربع کلو میٹر اور سندھ میں 4 ہزار مربع کلو میٹر سیلاب پانی کی سطح میں کمی ہوئی ہے۔

Read Comments