Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 اکتوبر 2022 02:12pm

امریکا کا پاکستان کو کاٹن سیڈ ٹیکنالوجی، بیف مارکیٹ تک رسائی دینے پر غور

پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکا، پاکستان کو گوشت برآمد کرنے کے لیے اپنی بیف مارکیٹ تک رسائی دینے اور کاٹن سیڈ ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی سفیر نے وزیر برائے قومی تحفظ خوراک و تحقیق طارق بشیر چیمہ سے ملاقات کی اور اس دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے دیے جانے والے پیکج کے علاوہ وہ پاکستان اور امریکا کے درمیان زرعی تجارت کو فروغ دینے اور مزید مضبوط تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں۔

امریکی سفیر نے کہا کہ امریکا، پاکستان میں کپاس کے بیج کی اعلیٰ پیداوار والی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا خواہاں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کی تعیمرِ نو کیلئے تیار ہے، ڈونلڈ بلوم

وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی طارق بشیر چیمہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے امریکی سفیر کے اقدام کا خیر مقدم کیا اور انہیں بتایا کہ حالیہ سیلاب کے باعث سندھ میں کپاس اور کھجور کی فصلیں سب سے زیادہ متاثر ہوئیں۔

طارق بشیر چیمہ نے زرعی شعبے میں پاک ۔ امریکا تعلقات اور تعاون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ تباہ کن سیلاب اور بدترین بارشوں کی وجہ سے پاکستان کو چیلنجز کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں: جو بائیڈن نے ڈونلڈ آرمین بلوم کو پاکستان میں نیا سفیر نامزد کردیا

انہوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد ہماری ترجیح جلد از جلد زیادہ سے زیادہ زرعی اراضی کو کاشت کے قابل بنانا اور بے گھر ہونے والے لوگوں کو ان کے گھروں میں دوبارہ آباد ہونے میں مدد دینا ہے۔

ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکا، کاربن کے اخراج کے خلاف مزاحمتی اور تخفیفی اقدامات کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی سفیر کی وزیر اعظم سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 سرفہرست ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔

امریکی سفیر نے کہا کہ امریکی عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، امریکی حکومت پاکستان کے لیے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے امدادی پیکج میں اضافہ کر رہی ہے۔

Read Comments