پاکستان

پاکستان میں شہریوں کی اوسط عمر میں کمی ریکارڈ

مردوں کی اوسط عمر 64.3 برس سے بڑھ کر 64.5 تک پہنچ گئی جبکہ خواتین کی اوسط عمر 66.5 سے گر کر 65.5 ہوگئی، سروے

تازہ ترین آبادیاتی اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں شہریوں کی اوسط عمر 65.4 برس سے کم ہو کر 65 سال ہو گئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ڈیموگرافک سروے 2020 کے اعدادوشمار میں بچوں کی اموات کی شرح، کُل اور عمومی شرح افزائش، پیدائش اور اموات کی شرح اور قدرتی اضافے کی شرح شامل ہے۔

یہ ایک سلسلہ وار سروے کا 20 واں حصہ ہے جس کا آغاز 1984 میں کیا گیا تھا اور آخری بار یہ سروے 13 برس قبل کیا گیا تھا۔

ماہر شماریات ڈاکٹر نعیم ظفر نے اس تازہ ترین سروے کے حوالے سے کہا کہ اس کے نتائج کا موازنہ پاکستان ڈیموگرافک اینڈ ہیلتھ سروے 18-2017 اور پاکستان اسٹینڈرڈ آف لیونگ اسٹینڈرڈز سروے 19-2018 کے متعلقہ اشاریوں کے ساتھ کیا گیا اور ان کے نتائج لگ بھگ یکساں ہیں۔

تازہ ترین اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ اگرچہ مجموعی طور پر اوسط عمر میں کمی آئی ہے لیکن مردوں کی اوسط عمر 64.3 سے بڑھ کر 64.5 تک پہنچ گئی، جبکہ خواتین کی اوسط عمر 66.5 سے گر کر 65.5 ہوگئی تاہم اس کے باوجود یہ مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

ایک سے 4 سال کی عمر والے گروپ کی اوسط عمر بھی بڑھ کر 71.3 ہو گئی، جس میں مردوں کی اوسط عمر 70.6 اور خواتین کی 72 برس ہے۔

بچوں کی شرح اموات بھی ہر ایک ہزار پیدائشوں میں 56 اموات تک گر گئی، جوکہ پاکستان ڈیموگرافک اینڈ ہیلتھ سروے 18-2017 میں 62 اور پاکستان اسٹینڈرڈ آف لیونگ اسٹینڈرڈز سروے 19-2018 میں 60 تھی۔

مجموعی شرح افزائش 124 ریکارڈ کی گئی، جوکہ 25 سے 29 سال کی عمر کے گروپ میں سب سے زیادہ 215 ہے، اس کے بعد 20 سے 24 سال کی عمر کے گروپ میں 176، 30 سے 34 سال کی عمر کے گروپ میں 164 اور 35 سے 39 سال کی عمر کے گروپ میں 94 ہے۔

شہری علاقوں میں شرح افزائش 102 ریکارڈ کی گئی جبکہ دیہی علاقوں میں یہ شرح 138 ہے۔

سروے کے مطابق ملک کی آبادی 22 کروڑ 4 لاکھ ہوگئی جوکہ 2017 میں 20 کروڑ 76 لاکھ تھی، کُل آبادی میں 11 کروڑ 17 لاکھ مرد جبکہ 10 کروڑ 87 لاکھ خواتین شامل ہیں۔

عمران خان کو ملے توشہ خانہ کے تحائف 20 لاکھ ڈالر میں خریدے، تاجر عمر فاروق کا دعویٰ

کیا پاکستان میں پابندی کے بعد ’جوائے لینڈ‘ آسکر کی نامزدگی کی اہل ہوگی؟

فلپائن: منیلا میں بچی کی پیدائش کے بعد دنیا کی آبادی 8 ارب ہوگئی