Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 نومبر 2022 02:28pm

جرمنی کے خلاف تاریخی فتح کے بعد جاپانی شائقین کی اسٹیڈیم کی صفائی کے چرچے

قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں ایک اور اپ سیٹ ہوگیا جہاں جاپان نے 4 مرتبہ عالمی چمپیئن رہنے والی مضبوط جرمنی کی ٹیم کو ایک اچھے مقابلے کے بعد 1-2 سے شکست دے دی جس کے بعد جاپانی فینز نے فتح کا خوب جشن منایا اور اپنی ایک شاندار روایت کو بھی برقرار رکھتے ہوئے اسٹیڈیم کی صفائی کی۔

سابق چیمپیئن جرمنی کی اپنی ٹیم کے ہاتھوں ایک کے مقابلے میں 2 گول سے اپ سیٹ شکست کا شاندار منظر دیکھنے کے بعد جاپانی شائقین خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم کے اسٹینڈز میں ہی رکے رہے، اب گراؤنڈ میں ان کے رکنے کا مقصد فتح کا جشن منانا اور میچ کے نتیجے سے لطف اندوز ہونا نہیں بلکہ اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ اسٹیڈیم کو اسی حالت میں صاف ستھرا چھوڑا جائے جس حالت میں انہیں وہ مقام میچ سے قبل ملا تھا۔

میچ کے دوران جاپانی فینز نے سیکڑوں نیلے رنگ کے تھیلے تقسیم کیے جن کا مقصد سیٹوں کے نیچے رہ جانے والے کوڑے کرکٹ کو جمع کرنا تھا۔

یہ پہلا موقع نہیں تھا جب جاپانی شائقین میچ کے بعد اسٹیڈیم میں صفائی کرتے دیکھے گئے، اس سے قبل روس میں 2018 کے ورلڈ کپ میں بھی ایسا ہی کر کے انہوں نے خوب تعریفیں سمیٹی تھیں، خاص طور پر بیلجیئم کے خلاف راؤنڈ 16 مرحلے میں 3-2 سے اپنی ٹیم شکست کے بعد اس عمل پر انہیں خوب سراہا گیا تھا۔

2022 کے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں بھی جاپانی شائقین کو گندگی صاف کرتے ہوئے دیکھا گیا جب کہ اس میچ میں ان کی اپنی ٹیم مقابلے میں شامل بھی نہیں تھی، یہ ایک ایسی روایت اور مثال ہے جو جاپانی فینز کو بہترین مہمان ثابت کرتی ہے۔

Read Comments