فٹبال ورلڈ کپ: اسپین نے کوسٹاریکا کو 0-7 سے شکست دے دی

24 نومبر 2022
اسپین نے شان دار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 گول کیے—فوٹو: رائٹرز
اسپین نے شان دار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 گول کیے—فوٹو: رائٹرز

سابق عالمی چمپیئن اسپین نے وسطی امریکی ملک کوسٹاریکا کو 7 گول کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ورلڈ کپ 2022 کا شان دار آغاز کیا۔

قطر کے الثمامہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسپین نے شروع سے ہی کوسٹاریکا کی ٹیم کو دباؤ میں رکھا اور پے در پے حملے کیے اور تجرے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے مخالف ٹیم کو مکمل طور پر بے بس کردیا۔

اسپین کی جانب سے پہلا کھیل کے 11 ویں منٹ میں ڈینی اولمو نے کیا اور 21 ویں منٹ میں مارکو اسینسیو نے برتری دوگنا کردی۔

قطر میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ میں اس سے قبل دو بڑی ٹیموں ارجنٹینا اور جرمنی کو بالترتیب سعودی عرب اور جاپان جیسی کم تجربہ کار ٹیموں نے شکست دے کر اپ سیٹ کردیا تھا تاہم اسپین نے اپنے اعصاب پر قابو رکھا اور کوئی موقع ضائع نہیں ہونے دیا۔

اسپین کے فیران ٹوریس نے سب سے زیادہ 2 گول کیے اور اپنی ٹیم کو ایک بڑی دلا کر دنیا کو اپنی طرف متوجہ کردیا اور ورلڈ کپ میں دیگر بڑی ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بھی بجادی ہے۔

فیران ٹوریس نے میچ کے دوران 31 ویں منٹ میں اپنا پہلا اور ٹیم کا تیسرا گول کیا جبکہ دوسرے ہاف میں بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور 54 ویں منٹ میں ایک اور گول کردیا۔

اسپین کے لیے 74 ویں منٹ میں گیوی نے خوب صورت گول کے ذریعے برتری 0-5 کردی۔

گیوی اس گول کے ساتھ برازیل کے عظیم کھلاڑی پیلے کے بعد فٹ بال ورلڈ کپ میں گول کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے۔

پیلے نے 1958 میں 17 سال 249 روز کی عمر میں ورلڈ کپ میں گول کرکے ریکارڈ قائم کیا تھا جبکہ گیوی نے 18 سال 110 دن کی عمر میں گول کرکے یہ اعزاز حاصل کیا۔

میچ کے اختتامی لمحات میں بھی اسپین نے تیز کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول کیے، 90 ویں منٹ میں کارلوس سولر اور اضافی ٹائم کے دوسرے منٹ میں الویرو موراٹا نے ٹیم کا ساتواں اور اپنا پہلا گول کیا۔

کوسٹاریکا کی ٹیم میچ کے اختتام تک گول کرنے میں ناکام رہی اور میچ میں 0-7 سے بدترین شکست کھاگئی۔

اسپین نے بڑی فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی جہاں جاپان پہلے ہی جرمنی کو شکست دے کر 3 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہے تاہم بہترین مارجن کے باعث اسپین کو برتری حاصل ہے۔

کروشیا اور مراکش کے درمیان مقابلہ برابر

اس سے قبل ورلڈ کپ کے گروپ ایف کا پہلا میچ گزشتہ ورلڈ کپ کی فائنلسٹ ٹیم کروشیا اور مراکش کے درمیان ہوا۔

البیت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک دوسرے کو گول کرکے میچ کو نتیجہ خیز بنانے کا موقع نہیں دیا۔

دونوں ٹیمیں مقررہ وقت تک کوئی گول نہ کرسکیں اور میچ برابری پر ختم ہوا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک،ایک پوائنٹ مل گیا۔

گروپ ایف میں بہترین ریٹ کی بنیاد پر کروشیا پوائنٹس ٹیبل پر پہلے اور مراکش دوسرے نمبر پر ہے تاہم دونوں ٹیمیں ایک،ایک پوائنٹس کے ساتھ برابر ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں