Dawn News Television

شائع 25 نومبر 2022 09:48am

پی ٹی آئی کو فیض آباد پر جلسے کی مشروط اجازت دے دی گئی

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف کو فیض آباد انٹرسیکشن کے قریب جلسے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے 56 شرائط کے ساتھ ایک روز کے پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دی ہے۔انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی 27 نومبر کو آمد کے پیش نظر 26 کی رات جلسہ گاہ خالی کرنا ہو گا۔

نوٹفکیشن کے مطابق عمران خان کو جان کے لاحق خطرات کے پیش نظر جلسہ گاہ میں آمد اور روانگی مقررروٹس کے علاوہ نہیں ہوگی، اسٹیج پر بلٹ بروف روسٹرم ہونا چاہیے، اسلحہ کی نمائش، عدلیہ اور دیگر اداروں کے خلاف تقاریر نہیں ہوں گی۔

ڈی سی کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ مذہبی جذبات ابھارنے اور کسی گروہ کے خلاف بات نہیں ہوگی، لاؤڈ سپیکر کا مخصوص وقت میں ہی استعمال ہوگا، عوام کی آمد و رفت کے دوران تلاشی ہو گی، سٹیج پر موجود مقررین کے نام اور دیگر تفصیلات قبل ازوقت انتظامیہ کو آگاہ کرنا ہوگا۔

Read Comments