Dawn News Television

اپ ڈیٹ 26 مارچ 2023 02:31pm

روس کا جوہری ہتھیار بیلاروس میں نصب کرنے کا اعلان

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ہمسایہ ملک بیلاروس کی سرزمین پر ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار رکھنے کا معاہدہ کیا ہے۔

ڈان اخبار میں غیر ملکی سرکاری خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ میں طاس نیوز ایجنسی نے ولادیمیر پیوٹن کے حوالے سے بتایا کہ ایسا اقدام جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدوں کی خلاف ورزی نہیں ہوگا۔

روسی صدر نے مزید کہا کہ امریکا نے جوہری ہتھیار یورپی اتحادیوں کی سرزمین پر نصب کر رکھے ہیں۔

ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے طویل عرصے سے پولینڈ کی سرحد سے متصل بیلاروس میں ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کی تنصیب کا مسئلہ اٹھایا ہے۔

طاس نیوز ایجنسی نے ولادیمیر پیوٹن کے حوالے سے بتایا کہ ’ہم نے الیگزینڈر لوکاشینکو کے ساتھ اتفاق کیا ہے کہ عدم پھیلاؤ کے نظام کی خلاف ورزی کیے بغیر ہم بیلاروس میں ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار رکھیں گے‘۔

انہوں نے بتایا کہ روس کی جانب سے بیلاروس میں ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کو ذخیرہ کرنے کی سہولت کی تعمیر یکم جولائی تک مکمل ہو جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ روس جوہری ہتھیاروں کا کنٹرول منسک کو منتقل نہیں کرے گا۔

ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ روس نے پہلے ہی بیلاروس میں 10 طیارے تعینات کیے ہیں جو ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

Read Comments