Dawn News Television

شائع 26 مارچ 2023 08:09pm

ملک سیلاب کی طرح کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے، وزیر دفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سارا ملک سیلاب کی طرح کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے۔

نجی چینل ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جب سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بنی تب سے ہم نے کوئی ایسی بات نہیں کی جو آئین کے خلاف ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تباہ حال معیشت ملی جسے بہتر کرنے میں وقت لگے گا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سارا ملک سیلاب کی طرح کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے، پوری کوشش کر رہے ہیں کہ معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہو جائے اور کرپشن پر قابو پالیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ مافیا ہے جس نے چار سال پاکستان کو لوٹا اور اب احتساب سے بچنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان چاہتا ہے دوبارہ اقتدار ملے اور خاندان سمیت کرپشن کرنے کا موقع ملے۔

وزیر دفاع نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا بیانیہ اب نہیں چلتا، سازش کا سفر امریکا سے شروع ہوا جو بعد میں محسن نقوی، آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد پر آگیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق سوال پر وزیر دفاع نے کہا کہ نواز شریف جلد آرہے ہیں لیکن تاریخ نہیں بتاؤں گا، نواز شریف کے واپس آنے کے بعد بہت بہتری ہوگی۔

Read Comments