Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 مارچ 2023 01:24pm

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں آج اہم معاملات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اور قومی اسمبلی میں علیحدہ سے سیشن آج (پیر) ہوگا جس میں ریاستی اداروں کے احترام سمیت اہم مسائل پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کا سیشن 12 بجے جبکہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس سہ پہر 3 بجے ہوگا، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹرز نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ مشترکہ سیشن میں شرکت کریں گے۔

مشترکہ اجلاس کے لیے جاری کیے جانے والے 8 نکاتی ایجنڈا کے مطابق گزشتہ اجلاس میں وزیر پارلیمانی امور کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد پر بحث جاری رکھی جائے گی، اس کے علاوہ امن و امان کی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

ریاستی اداروں اور اس سے منسلک شخصیات کی توہین کا معاملہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے، اس کے علاوہ ملک کی معاشی صورتحال، کشمیر، پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور خارجہ پالیسی پر بھی بحث کی جائے گی۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی اور آبادی میں اضافے کے حوالے سے بات چیت کرنا بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں انسانی اسمگلنگ پر توجہ دلاؤ نوٹس اور اسلام آباد میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے پُرتشدد واقعات پر ایک دوسرا نوٹس شامل ہے۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ میں ترمیم؛ اور پریس، اخبارات، نیوز ایجنسیز اور بُک رجسٹریشن آرڈیننس کے بل پیش کریں گی۔

Read Comments