پاکستان

ممکنہ بارشوں کے پیشِ نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کردیا

موسلادھار بارشوں کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، وغیرہ جبکہ ژالہ باری کے باعث املاک، فصلوں اور پودوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے، ایڈوائزری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے وسطی اور شمالی علاقوں میں ہلکی سے متعدل بارش کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے وارننگ جاری کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق این ڈی ایم اے نے امریکی موسمیاتی نشریاتی ادارے ’دی ویدر چینل‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

ایک بیان میں این ڈی ایم اے نے کہا کہ اس نے بارش کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، طوفانی سیلاب، اور پہاڑی طوفانوں کے علاوہ ژالہ باری کے خطرے کی نشاندہی کی ہے جس سے املاک فصلوں اور پودوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

اتھارٹی نے ملک بھر میں شہریوں کے تحفظ اور بہبود کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ این ڈی ایم اے صورتحال کی نگرانی کرتی رہے گی اور جیسے جیسے موسم کی صورتحال بہتر ہوتی جائے گی، اس کے مطابق متعلقہ ایڈوائزری جاری کرے گی۔

جب استفسار کیا گیا کہ اتھارٹی دی ویدر چینل کے ڈیٹا کا حوالہ کیوں دے رہی ہے جب کہ اس کے پاس پورا محکمہ موسمیات ہے۔

تو اتھارٹی نے کہا کہ وہ موسم کی پیش گوئی کے لیے ’“تمام ذرائع‘ پر انحصار کرتی ہے۔

تاہم رابطہ کرنے پر اسلام آباد میں محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے ڈان کو تصدیق کی کہ اس نے آخری بار 26 مئی کو موسم کی ایڈوائزری جاری کی تھی۔

جب دی ویدر چینل کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کی تصدیق کرنے کو کہا گیا تو محکمہ موسمیات نے کہا کہ وہ اس پر تب ہی تبصرہ کر سکتا ہے جب این ڈی ایم اے نے باضابطہ طور پر پاکستان میٹرولوجیکیل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کے ساتھ ایڈوائزری شیئر کی ہو۔

ملک کے موجودہ بحران میں سب سے بڑا نقصان سویلین بالادستی کا ہوا، انسانی حقوق کمیشن پاکستان

وزیراعظم کی بیلاروس کے وزیر خارجہ سے ملاقات، دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ

اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا