Dawn News Television

شائع 01 جون 2023 09:40pm

رئیل می کا سستا ترین ایس 53 فون متعارف

اسمارٹ فون بنانے والی چینی موبائل کمپنی رئیل می نے رواں سال کا اب تک کا سستا ترین فون بہترین کیمروں کے ساتھ پیش کردیا۔

رئیل می نے ایس 53 کو دو مین کیمروں اور ایک سیلفی کیمرا کے ساتھ پیش کیا ہے جب کہ اس میں طاقتور بیٹری بھی دی گئی ہے۔

رئیل می ایس 53 کو 7۔6 انچ اسکرین کے ساتھ پیش کیا گیا ہے جب کہ اس کے سائیڈ میں فنگر پرنٹ سینسر بھی دیا گیا ہے۔

فون کو اینڈرائیڈ 13 کے آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے اور اسے دو مختلف میموری ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے۔

فون کو 4 اور 6 جی بی ریم جب کہ 256 جی بی میموری کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

فون کے بیک پر دو کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جب کہ دوسرے کیمرے کو انتہائی کم میگا پکسل میں رکھا گیا ہے، تاہم کیمروں کی ٹیکنالوجی کو اپگریڈ کردیا گیا ہے۔

رئیل می ایس 53 کے فرنٹ پر 8 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے، جس میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس سینسر دیے گئے ہیں۔

فون کو طاقتور 5 ہزار ایم اے ایچ بیٹری اور 33 واٹ کے چارجر کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، کمپنی کا دعویٰ ہے کہ فون محض 31 منٹ میں زیرو سے 56 فیصد تک چارج ہو جاتی ہے۔

فون کے 4 جی بی ریم کی قیمت پاکستانی 34 ہزار روپےجب کہ 6 جی بی ریم کی قیمت 37 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے اور اسے کمپنی کا رواں سال کا سب سے سستا اور بہترین فون قرار دیا جا رہا ہے۔

کمپنی نے فون کو فوری طور پر صرف ملائیشیا میں فروخت کے لیے پیش کیا ہے، تاہم اسے جلد پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی پیش کردیا جائے گا۔

Read Comments