چینی اسمارٹ موبائل فون بنانے والی کمپی ’آنر‘ نے بھی دیگر کمپنیوں کو ٹکر دیتے ہوئے 200 میگا پکسل فون متعارف کرادیے۔

ساتھ ہی ’آنر‘ وہ پہلی کمپنی بھی بن گئی، جس نے بیک وقت دو موبائلز کے مین کیمروں کو 200 میگا پکسل میں پیش کردیا۔

کمپنی نے اپنے اب تک کے بہترین کیمرا کے حامل ’آنر 90‘ اور ’آنر 90 پرو‘ کو پیش کردیا، جنہیں ایپل اور سام سنگ کے فونز سے زیادہ بہتر قرار دیا جا رہا ہے۔

تاہم ساتھ ہی چینی موبائل کمپنی کے دونوں فونز کو قیمتوں کے حوالے سے مہنگا قرار دیا جا رہا ہے لیکن امکان ہے کہ کمپنی بعض ممالک میں انہیں پیش کرتے وقت قیمتوں میں نمایاں کمی کرے گی۔

’آنر 90‘

—فوٹو: کمپنی
—فوٹو: کمپنی

کمپنی نے ’آنر 90‘ کو 7۔6 انچ اسکرین کے ساتھ پیش کیا ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس فون میں ایک ارب کلرز کے شیڈز ہیں۔

فون کو فنگر پرنٹ سینسر سمیت دیگر جدید فیچرز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

’آنر 90‘ کے بیک پر تین کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرا 200 میگا پکسل جب کہ دوسرا 12 اور تیسرا کیمرا 2 میگا پکسل کا دیا گیا ہے۔

فون کے فرنٹ پر 50 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا دیا گیا ہے اور اس کے سینسرز کو اپگریڈ کرکے انہیں مزید بہتر بنادیا گیا ہے۔

فون میں اینڈرائیڈ 13 کا آپریٹنگ سسٹم کو دیا گیا ہے جب کہ اس میں اسنیپ ڈریگن کی چپ دی گئی ہے۔

فون کو مختلف میموری اور ریم ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے اور ہر ماڈیول کی الگ الگ قیمت رکھی گئی ہے جب کہ اسے چار مختلف رنگوں میں متعارف کرایا گیا ہے۔

’آنر 90‘ کو 12 اور 16 جی بی ریم جب کہ 256 اور 512 جی بی ریم کے ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے۔

فون کو پانچ ہزار ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری جب کہ 66 واٹ کے فاسٹ چارجر کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

فون کے 12 جی بی ریم اور 256 جی بی میموری ماڈیول کی قیمت پاکستانی ایک لاکھ روپے جب کہ 16 جی بی ریم اور 256 جی بی میموری کے ماڈیول کی قیمت ایک لاکھ 12 ہزار اور 16 جی بی ریم اور 512 جی بی میموری ماڈیول کی قیمت ایک لاکھ 20 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔

’آنر 90 پرو‘

—فوٹو: کمپنی
—فوٹو: کمپنی

کمپنی نے اس فون 78۔6 انچ اسکرین کے ساتھ پیش کیا ہے اور اس میں بھی ایک ارب رنگوں کے شیڈز دیے گئے ہیں۔

اس فون میں فنگر پرنٹ سینسر سمیت دیگر فیچرز دیے گئے ہیں اور اسے بھی 5 ہزار ایم اے ایچ بیٹری کو 90 واٹ فاسٹ چارجنگ کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس فون کو صرف 15 منٹ میں زیرو سے 56 فیصد تک چارج کیا جا سکتا ہے جب کہ اس کی بیٹری کو پہلے سے زیادہ طاقتور کردیا گیا ہے۔

اس فون کے بیک پر بھی تین کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں مین کیمرا 200 میگا پکسل کا ہے جب کہ دوسرا 32 اور تیسرا 12 میگا پکسل کا ہے۔

اس فون کے فرنٹ پر دو سیلفی کیمرے دیے ہیں، جس میں مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جب کہ دوسرا 2 میگا پکسل کا ہے۔

اس فون کو بھی 12 اور 16 جی بی ریم اور 256 اور 512 جی بی میموری کے مختلف ماڈیولز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

’آنر 90 پرو‘ کے 12 جی بی ریم اور 256 جی بی میموری ماڈیول کی قیمت ایک لاکھ 31 ہزار روپے جب کہ 16 جی بی ریم اور 256 جی بی میموری ماڈیول کی قیمت پاکستانی ایک لاکھ 43 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

اس فون کے 16 جی بی ریم اور 512 جی بی میموری ماڈیول کی قیمت پاکستانی ایک لاکھ 55 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔

کمپنی نے دونوں فونز کو فوری طور پر صرف چین میں فروخت کے لیے پیش کیا ہے، تاہم جلد ہی انہیں پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی پیش کیا جائے گا اور ممکنہ طور پر ان کی قیمتوں میں بھی ہر ملک کے حوالے سے تبدیلی کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں