Dawn News Television

اپ ڈیٹ 09 جون 2023 11:12am

طالبان نے تعلیم فراہم کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں پر پابندی لگادی، یونیسیف کا اظہارِ تشویش

اقوام متحدہ کے چلڈرن ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت نے بین الاقوامی این جی اوز پر افغان بچوں کو تعلیم فراہم کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی ایجنسی کا کہنا ہے کہ طالبان حکام کی جانب سے بین الاقوامی این جی اوز پر تعلیم فراہم کرنے پر پابندی سے متعلق رپورٹس کے حوالے سے مزید تفصیلات حاصل کررہے ہیں۔

تقریباً 2 سال قبل افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد افغان طالبان نے لڑکیوں اور خواتین کو سیکنڈری اسکولز اور جامعات میں جانے سے روک دیا تھا۔

تاہم یونیسف کا کہنا ہے ’ہمیں ان رپورٹس پر گہری تشویش ہے، اگر تعلیمی میدان میں کام کرنے والی بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں پر پابندی عائد کی گئی تو ایک ماہ کے اندر 3 لاکھ لڑکیوں سمیت 5 لاکھ سے زائد بچے تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہوجائیں گے‘۔

یونیسیف کاکہنا تھا کہ وہ مبینہ ہدایات تو بہتر طور پر سمجھنے کی کوشش کررہی ہے جس پر اب تک طالبان رہنماؤں نے عوامی طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان کی جانب سے غیر سرکاری تنظیموں کے لیے کام کرنے پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد ملک میں خواتین کی آزادی کو مزید محدود کر دیا گیا ہے۔

Read Comments