Dawn News Television

اپ ڈیٹ 16 جنوری 2024 02:59pm

عوام کی مدد سے میں ملک کا نوجوان وزیر اعظم بنوں گا، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عوام کی مدد سے میں ملک کا نوجوان وزیر اعظم بنوں گا۔

رتوڈیرو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ نے 2018 میں بھی مجھے منتخب کرایا تھا، میں نے آپ کی امیدوں کے مطابق ذمہ داریاں پوری کرنےکی کوشش کی ہے،پہلے دن سے سلیکٹڈ راج کوبے نقاب کیا، پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، سازش کی جارہی تھی کہ ایک بار پھر ون یونٹ قائم کیاجائے، ہم نے ون یونٹ قائم کرنےکی سازش کوناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کےحق پرڈاکہ مارنے والوں کاڈٹ کر مقابلہ کیا، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی، پیپلز پارٹی نے آمریت کا مقابلہ کیا، نفرت اور تقسیم کی سیاست کا کیا نقصان ہوگا اس کی فکر کسی کو نہیں ہے، تقسیم کی سیاست کا اثر ہر گھر تک پہنچ رہا ہے۔

’ہم نے دہشتگردوں کو پاکستان آنے کی دعوت دی‘

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیمیں آج ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہیں، ہم نے دہشتگردوں کو پاکستان آنے کی دعوت دی، ہم نے دہشتگردوں کو دعوت دی کہ کراچی میں گھر بنائیں، جن دہشتگردوں کے خلاف قربانیاں دیں انہی سے بات کی، آپ نے کچھ سوچا ہی نہیں آپ کابل جاکر چائے پی رہے تھے، آپ نے سوچا ہی نہیں کہ آپ کے فیصلے سے پاکستان کو کیا بوجھ اٹھانا پڑے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمارا مقابلہ کسی سیاستدان سے نہیں بلکہ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے ہے، جیسا معاشی بحران آج ہے ویسا پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ عوام کی مدد سے میں ملک کا نوجوان وزیر اعظم بنوں گا۔

Read Comments