Dawn News Television

شائع 02 اپريل 2024 02:32pm

صدر مملکت نے اسحٰق ڈار کو سینیٹ کے پہلے اجلاس کیلئے پریزائیڈنگ افسر مقرر کردیا

صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیر اعظم شہباز شریف کی تجویز پر وفاقی وزیر خارجہ اسحق ڈار کو سینیٹ کے پہلے اجلاس کے لیے پریزائیڈنگ افسر مقرر کردیا۔

صدر مملکت نے اسحق ڈار کو پریزائیڈنگ افسر مقرر کرنے کی سمری پر دستخط کردیے ہیں۔

وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سینیٹ کے پہلے اجلاس میں نو منتخب سینیٹرز حلف اٹھائیں گے، الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی خالی 6 نشستوں پر 14 مارچ کو انتخابات منعقد کیے تھے، سینیٹ کی بقیہ نشستوں پر الیکشن 2 اپریل کو منعقد ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کی مدت ملازمت بھی 11 مارچ کو مکمل ہوگئی ہے، سینیٹ کا پہلا اجلاس یا تو اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے چیئرمین کی زیر صدارت ہوتا ہے یا ان کی غیر موجودگی میں صدر مملکت کسی کو نامزد کرتے ہیں جسے پریزائیڈنگ افسر کہا جاتا ہے۔

Read Comments