Dawn News Television

شائع 24 اپريل 2024 06:17pm

پی سی بی کا رضوان کی انجری کے حوالے سے انگلینڈ میں ڈاکٹرز سے رابطہ

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی انجری کے حوالے سے انگلینڈ میں موجود ڈاکٹرز سے رابطہ کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ رضوان کی انجری کے حوالے سے پی سی بی کے میڈیکل پینل نے پاکستان میں موجود ماہر ڈاکٹرز سے بھی مشاورت کی اور اب اس سلسلے میں انگلینڈ میں موجود ڈاکٹرز سے رابطہ کیا گیا ہے۔

اسکین کی رپورٹ اور ڈاکٹرز کے جائزے کے بعد محمد رضوان کی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے اگلے میچوں میں شمولیت کا فیصلہ کیا جائے گا۔

محمد رضوان نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی20 میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے اور ان کی سیریز کے اگلے دونوں میچز میں شمولیت مشکوک ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل فاسٹ باؤلر احسان اللہ کی انجری کی غلط تشخیص کی گئی تھی جس کی وجہ سے وہ ایک عرصے باؤلنگ کرنے سے قاصر ہیں اور اس وقت ان کا بھی بیرون ملک علاج جاری ہے۔

Read Comments