پاکستان

احمد وقاص جنجوعہ کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری

انسداد دہشتگری عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
|

اسلام آباد کی انسداد دہشتگری عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

ڈان نیوز کے مطابق انسداد دہشتگری عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

بعد ازاں عدالت نے فریقین کو یکم اگست کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ آج ہی احمد وقاص جنجوعہ نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کردی تھی، ان کی جانب سے وکیل ہادی علی چٹھہ اور ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔

آج ہی اسلام آباد کی انسداد دہشتگری عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کے خلاف اسلحہ بارود برآمدگی کیس میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا تھا۔

یاد رہے کہ 24 جولائی کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد جنجوعہ کے ریمانڈ کے خلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیے تھے۔

22 جولائی کو اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔

22 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد جنجوعہ کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ لوگ لاپتا ہو جاتے ہیں، ریاست کو کچھ پتا نہیں ہوتا، یہ حکومت کیا کررہی ہے؟