پاکستان

یورپی ویزے کا لالچ دیکر غیر ملکی فیملی کو اغوا کرنے والے 3 ملزمان گرفتار

بازیاب کروائی گئی افغان فیملی میں ایک خاتون اور 2 بیٹے شامل، ہیومن انٹیلی جنس اور ٹیکنیکل ذرائع سے بھی مدد لی گئی، پولیس ترجمان

واہ کینٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی فیملی کو اغوا کرنے والے 3 اغوا کار 24 گھنٹے میں گرفتار کرلیے، تینوں مغوی بحفاظت بازیاب کر الیے گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان راولپنڈی پولیس نے بتایا کہ مغویوں میں افغان فیملی کی ایک خاتون اور ان کے 2 بیٹے شامل ہیں، ملزمان نے افغانستان سے آئی فیملی کو یورپی ملک کا ویزہ دلوانے کے بہانے بلا کر اغوا کرلیا تھا۔

واقعے کی اطلاع پر سینٹرل پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے مغویوں کی فوری بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم جاری کیا۔

خصوصی احکامات ملنے پر پولیس نے ملزمان کو ٹریس کرنے کے لیے ایس پی پوٹھوہار کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

اس دوران سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے مدد بھی لی گئی، ہیومن انٹیلی جنس اور ٹیکنیکل ذرائع سے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔

ملزمان کی گرفتاری اور مغویوں کی بازیابی کے لئے متعدد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے مدد لی گئی۔

سی پی او نے بہترین کارروائی کرنے پر پولیس ٹیم کو شاباش پیش کی ہے۔