کھیل

پی ایس ایل 10: پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب نے 49 اور میکس برینٹ نے 38 رنز بنائے جب کہ زلمی کی باؤلر احمد دانیال 3، معاذ صداقت اور لک ووڈ 2،2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے 26ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو آسانی سے 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے باؤلرز کی نبی تلی باؤلنگ کی بدولت ملتان سلطانز کا کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر نہ ٹہر سکا اور پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پشاور زلمی نے صائم ایوب کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مطلوبہ ہدف 13 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔

ملتان سلطانز بیٹنگ

اس سے قبل، ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان ٹاس جیتنے کے بعد خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو بالکل غلط ثابت ہوا۔ ملتان سلطانز کے 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

کپتان محمد رضوان 17، یاسر خان 10، طیب طاہر 22، شائے ہوپ 23، ایشٹن ٹرنر صفر، محمد عامر برکی 3، شاہد عزیز 1، ڈیوڈ ویلے 8، عیبد شاہ 3 اور محمد حسنین 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پشاور زلمی کی جانب سے احمد دانیال نے 3، معاذ صداقت اور لک ووڈ 2 جب کہ الزاری جوزف، صائم ایوب اور علی رضا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور زلمی بیٹنگ

پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے مچل اوون صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور کپتان بابراعظم 8 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔

تاہم، صائم ایوب آج اچھے موڈ میں دکھائی دیے اور انہوں نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف بہترین شارٹس کھیلے، وہ 33 گیندوں پر 49 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

میکس برینٹ نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا وہ 20 گیندوں پر 38 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، ان کے ساتھ محمد حارث بھی 7 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے شاہد عزیز نے 2 اور ڈیوڈ ویلے نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور زلمی نے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے محمد علی کی جگہ علی رضا کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے جب کہ ملتان سلطانز کی جانب سے متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز اس وقت ٹیبل پر سب سے آخری پوزیشن پر موجود ہے جب کہ پشاور زلمی کے پلے آف میں پہنچنے کے امکانات اب بھی موجود ہیں، انہیں آج سمیت بقیہ میچز میں خاص طور پر لاہور قلندرز کے خلاف جیت درکار ہوگی۔