پاکستان

بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا بلوچستان میں خودکش حملے کروانے کا بڑا منصوبہ بے نقاب

کالعدم بی ایل اے، فتنہ الخوارج اور غیر ملکیوں کو گوادر، کوئٹہ اور خضدار میں دہشتگردی کرنے کی ہدایات، خودکش بمبار گاڑی یا موٹرسائیکل استعمال کرسکتے ہیں، انٹیلی جنس ذرائع
|

بھارت کا پہلگام فالس فلیگ میں ناکامی کے بعد بلوچستان میں بڑی دہشت گردی کا منصوبہ بے نقاب ہوگیا۔

ڈان نیوز کے مطابق مصدقہ انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی بدنام زمانہ انٹیلی جنس ایجنسی ’را‘ نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اپنی پراکسیز کو سرگرم کر دیا۔

انٹیلی جنس ذرائع کےمطابق ’را‘ کے دہشت گردی کے منصوبے کے مطابق کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے)، فتنہ الخوارج اور غیر قانونی افغانیوں کوگوادر، کوئٹہ اور خضدار میں دہشت گردی کرنے کی ہدایات دے دی گئیں۔

دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ نے بی ایل اے اور فتنہ الخوارج کے علاوہ چند مزید دہشت گردوں کو افغانستان سے بھی متعلقہ علاقوں میں بھجوا دیا۔

مصدقہ اطلاعات کے مطابق چند خودکش بمبار دہشت گردی کی کارروائی میں گاڑی یا موٹر سائیکل کا استعمال کرسکتے ہیں۔

ان دہشت گردوں کو متعلقہ علاقوں کی ریکی کروا دی گئی ہے، بھارتی سرپرستی میں کیے جانے والے دہشت گردی کے اس مذموم منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک اور سرگرم ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پہلگام فالس فلیگ آپریشن میں بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ’را‘ کا کردار بے نقاب ہوگیا تھا، اہم دستاویز سوشل میڈیا ایپلی کیشن ’ٹیلی گرام‘ کے ذریعے لیک ہوگئی تھیں، دستاویز پہلگام حملے میں بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کا بھی واضح ثبوت ہیں۔

دستاویز میں دی گئی ہدایات اور منصوبے پر عمل درآمد میں تضاد فالس فلیگ کا باعث بنا تھا، دستاویز میں ہدایت دی گئی تھی کہ پاکستان مخالف بیانیہ میڈیا پر 36 گھنٹے کے بعد بنانا ہے، تاہم گودی میڈیا نے جلد بازی کرکے ایک گھنٹے کے اندر ہی پاکستان پر الزام تراشی شروع کردی تھی، جس کی وجہ سے سارا پلان چوپٹ ہوگیا تھا۔