پاکستان

امریکا کے پاکستان اور بھارت سے رابطے، بات چیت کے دروازے کھلے رکھنے پر زور

امریکی سیکریٹری خارجہ نے دونوں ملکوں کے قومی سلامتی کے مشیروں سے ٹیلیفونک رابطے کیے، صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں، امید ہے جنگ جلد ختم ہوجائیگی، مارکو روبیو

امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں سے رابطہ کرکے کشیدگی کے خاتمے کے لیے بات چیت کے دروازے کھلے رکھنے پر زور دیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق مارکو روبیو نے دونوں ملکوں کے عہدیداروں سے رابطے کرکے کہا کہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے بات چیت کے دروازے بند نہ کیے جائیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک بھارت جنگ جلد ختم ہوجائے گی۔

امریکی سیکریٹری خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں کہا کہ ’پاک - بھارت کشیدگی کو انتہائی قریب سے دیکھ رہے ہیں، کشیدگی کے حل کے لیے دونوں ممالک کی قیادت سے بات چیت جاری ہے۔‘

مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور بھارت کی قیادت سے صورت حال کے پرامن حل کے لیے رابطے میں رہیں گے، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگی صورتحال کا جائزہ لے رہا ہوں۔‘

انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے الفاظ کو دہراتے ہوئے امید ظاہر کی کہ موجودہ جنگی صورتحال جلد ختم ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ رات، اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا، جس کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرائے، جب کہ ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ الہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔

وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے صبح سویرے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی ہے، پاک فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر دشمن کی پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے، پاکستان کے مؤثر جواب کے بعد بھارت کی متعدد پوسٹیں تباہ ہوئیں جبکہ پاکستان نے بھارت کے 5 لڑاکا طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا۔

اس کے علاوہ پاک فوج کی جوابی کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور دشمن کو بھاری نقصان پہنچنے کی مسلسل اطلاعات مل رہی ہیں۔