پاکستان

پاک فضائیہ نے بھارت کا رافیل طیاروں پر تکبر خاک میں ملا کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، نائب وزیراعظم

سوشل میڈیا پر چل رہا ہے کہ فرانس کا کہنا ہے کہ ہمارے رافیل طیاروں کی مشین تو بہت بہترین ہے، دراصل بھارتی پائلٹ نکمے تھے جو صحیح طریقے سے نہیں لڑسکے، اسحٰق ڈار کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے بھارت کا رافیل طیاروں پر تکبر خاک میں ملا دیا اور بھارتی طیارے گراکر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، حالانکہ ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا ورنہ پاک فضائیہ کو اجازت ہوتی تو 5 نہیں 10 سے 12 طیارے گرتے۔

ڈان نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم نے طے کیا تھا کہ آج قومی اسمبلی کو اب تک کی تمام صورتحال سے متعلق بریفنگ دی جائے گی لیکن کل رات جو کچھ ہوا اس کے بعد اجلاس کو موخر کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ 22 اپریل کو جب پہلگام کا واقعہ ہوا تو وزیراعظم انقرہ میں تھے، ہم نے دفتر خارجہ سے رابطہ کرکے مذمتی بیان دیا جس کو پوری دنیا نے دیکھا اور اگلے دن ہماری واپسی تھی اور جب ہم واپس پہنچے تو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی میٹنگ ہوئی جس میں پاکستان کا نام تو نہیں تھا لیکن بدقسمتی سے جو کچھ انہوں نے کہا کہ وہ سب کچھ پاکستان کے خلاف تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اٹاری بارڈر بند کردیا، سفارتی مشن کو 55 سے 30 کردیا، بھارت میں موجود پاکستانیوں کے ویزے منسوخ کردیے اور انہیں بھارت چھوڑنے کا حکم دے دیا، سب سے حیرت انگیز نے انہوں نے سندھ طاس معاہدہ معطل کردیا جو وہ اکیلے کر ہی نہیں سکتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے فیصلہ کیا جو بھارت نے کیا ہم بھی ویسا ہی کریں گے، ہم نے پریس کانفرنس میں واضح کیا تھا کہ اس وقت صرف جوابی اقدامات کررہے ہیں لیکن بھارت نے جارحیت کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاتھ صاف تھے لہذا وزیراعظم نے 72 گھنٹوں کے اندر ہی اعلان کیا کہ آزادانہ عالمی تحقیقات کے لیے تیار ہیں، اگر ہم اس میں دور دور تک شامل ہوتے تو پاکستان کی طرف سے یہ آفر نہیں کی جاتی، جس کو بہت سے ممالک نے سہارا، ہم نے 26 ممالک کے وزیراعظم، نائب وزیراعظم یا پھر وزیر خارجہ سے تفصیلات شیئر کیں اور دفتر خارجہ میں تقریباً 40 سے زائد ممالک کے سفیروں کو بلاکر بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا فیصلہ تھا کہ ہم پہل نہیں کریں گے اور تمام ممالک سے رابطے کے دوران ہم نے یہی کہا کہ ہم صبر وتحمل سے کام لے رہے ہیں، الحمداللہ، ہم اپنی بات پر قائم رہے اور دنیا کو کردکھایا۔

’آج تک پلوامہ میں پاکستان کا عمل دخل ثابت نہ ہوسکا‘

نائب وزیراعظم نے کہا کہ کل رات ایک بجے کے قریب اطلاع آئی کہ بھارت کی جانب سے کوئی پیش رفت کی جارہی ہے اور کسی حملے کی تیاری کی اطلاعات تھیں جب کہ تجزیہ کار کہہ رہے تھے کہ سندھ طاس معاہدہ کے لیے پلوامہ کی طرح حملے کی تیاری ہورہی تھی، حالانکہ پلوامہ میں پاکستان کا آج تک کسی قسم کا عمل دخل ثابت نہیں ہوسکا۔

ان کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول سے پہلگام تک 230 کلو میٹر کا فیصلہ ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی 7 لاکھ فوج موجود ہے تو یہ کیسے ممکن ہے، کیا وہ آنکھیں بند کرکے لیٹے ہوئے تھے، لیکن اس کے باوجود 10 منٹ کے اندر ان کی تمام تحقیقات مکمل ہوگئیں اور ایف آئی آر میں پاکستان کا نام لکھ دیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کی منصوبہ بندی پہلے سے کی گئی تھی۔

’پاک فضائیہ کو اجازت ہوتی تو 5 نہیں 10 طیارے گرتے‘

اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور بھارتی ایئرفورس کے درمیان ایک گھنٹے تک مقابلہ جاری رہا، یہاں بھی پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا، ایئرفورس کو واضح ہدایات دی گئی تھیں کہ صرف ان طیاروں کو نشانہ بنائیں جو پے لوڈ پھینک رہے ہیں، اس وجہ سے یہ 5 گرے ہیں ورنہ ان کو اگر اجازت ہوتی کہ جو سامنے آئے گرادو تو ایئرفورس کے اندازے کے مطابق یہ جہاز 10 سے 12 ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ بہادر افواج پاکستان نے پاکستان کی قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، رات کو ہی ہم نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے سربراہ کو خط بھجوایا کہ 5 مئی کو اجلاس ہوا لیکن اس کے باوجود بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے شہریوں کو نشانہ بنایا۔

’رافیل طیارے نہیں، بھارتی پائلٹ نکمے تھے‘

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے 6 مقامات پر 24 حملے کیے جس کے نتیجے میں 26 لوگ شہید ہوئے اور 46 لوگ زخمی ہوئے ہیں جب کہ ہمارا ہائیڈرو پاور نیلم جہلم منصوبے کو نشانہ بنایا، حالانکہ اس حوالے سے عالمی قوانین موجود ہیں کہ حالت جنگ میں بھی پانی کے منصوبوں کو ٹارگٹ نہیں کیا جاسکتا ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے جن جیٹ طیاروں نے بھارتی رافیل طیارے گرائے ہیں، ہمارے جے 10 سی تھے جو چین کے اشتراک سے بنائے گئے ہیں، کچھ لوگ رافیل طیاروں پر تنقید کررہے ہیں، سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں دیکھا کہ فرانسیسی کہہ رہے ہیں کہ ہمارے طیاروں کی مشین تو بہت بہترین اور پاور فل ہے دراصل بھارتی پائلٹ نکمے تھے جو صحیح طریقے سے نہیں لڑسکے۔

’پاکستان نے بھارتی فضائیہ کا غرور خاک میں ملادیا‘

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک فضائیہ نے بھارت کا رافیل طیاروں پر تکبر خاک میں ملا دیا اور بھارتی طیارے گراکر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی حملوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، انہیں بتایا گیا کہ بھارت کی کھلی جارحیت پاکستان کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہے، اس طرح کے اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور بین ریاستی تعلقات کو کنٹرول کرنے والے قائم کردہ اصولوں کے منافی ہیں۔