کھیل

اس مٹی میں اب بھی ایسے نوجوان زندہ ہیں جو موت سے محبت کرتے ہیں، محمد رضوان

پاکستان بہت عرصے سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے، ایسی قوم کو کوئی ہرا نہیں سکتا، اس پر مسلط کی گئی ہر جنگ اسے اور زیادہ جوڑنے، جگانے اور مضبوط بنانے کا سبب بنتی ہے، کپتان قومی ٹیم
Welcome

پاک بھارت کشیدگی پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ ملک میں ایسے نوجوان زندہ ہیں جو موت سے ایسے محبت کرتے ہیں جیسے کچھ لوگ زندگی سے کرتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہماری نسلیں گولیوں کی تھرتھراہت اور دھماکوں کی گونج سن کر بڑی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مٹی میں شہیدوں کا لہو ہے اور ملک میں ایسے نوجوان زندہ ہیں جو موت سے ایسے محبت کرتے ہیں جیسے کچھ لوگ زندگی سے کرتے ہیں۔

قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہم نے اللّٰہ کے پاک کلام سے یہ سیکھا ہے کہ جنگ مت کرو لیکن اگر تم پر جنگ مسلط کردی جائے تو پھر پیچھے مت ہٹو۔

انہوں نے کہا کہ یہ پیغام ان سب کے لیے ہے جو سمجھنےکی صلاحیت رکھتے ہیں، ہم نے حوصلہ رکھنا ہے، یقین رکھنا ہے، نہ ظلم کرنا ہے نہ ظلم سہنا ہے۔

محمد رضوان نے مزید کہا کہ پاکستان بہت عرصے سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے، ایسی قوم کو کوئی ہرا نہیں سکتا، اس پر مسلط کی گئی ہر جنگ اسے اور زیادہ جوڑنے، جگانے اور مضبوط بنانے کا سبب بنتی ہے۔