پاکستان

شہباز شریف سے برطانوی وزیر خارجہ کی ملاقات، جنگ بندی برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ

پاکستان نے بھارت کی جارحیت کے سامنے صبر اور تحمل کا مظاہرہ کیا، وزیر اعظم کی ڈیوڈ لیمی سے ملاقات میں گفتگو
Welcome

وزیراعظم شہباز شریف نے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے ملاقات کے دوران جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کی جارحیت کے سامنے صبر اور تحمل کا مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کے درمیان ملاقات ہوئی تھی، جس میں پاک - بھارت سیز فائر سمیت خطے کی حالیہ پیشرفت کا جائزہ لیا گیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی دفتر خارجہ اسلام آباد پہنچے تھے، جہاں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے برطانوی وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔

اسحٰق ڈار نے پاک - بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے برطانیہ کے تعمیری کردار کو سراہا تھا

ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا تھا جبکہ دونوں ملکوں کے تعلقات کی مضبوطی، تجارت اور معیشت میں تعاون کا اعادہ کیا گیا تھا۔