پاکستان

پانی بند کرنا تو دور بھارت نے دوبارہ پاکستان کا رخ کیا تو گھس کر ماریں گے، حنیف عباسی

بھارت نے پاکستان کو کمزور سمجھ کر بہت بڑی غلطی کی، پاک فضائیہ نے مودی کی غلط فہمی کو رافیل طیارے گرا کر دور کیا، وزیر ریلوے
Welcome

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی گیدڑ بھبکیوں کے جواب میں کہا ہے کہ پانی بند کرنا تو دور کی بات ہے، دوبارہ پاکستان کا رخ کیا تو گھس کر ماریں گے۔

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے یوم تکبیر کے موقع پر راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں نریندر مودی کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آپ کا ایس 400 دفاعی نظام اور رافیل طیارے تباہ و برباد کر دیے، آپ نے ہمارے معصوم بچوں اور عوام کو شہید کیا، ہم نے آپ کے فوجی ہیڈکوارٹرز کو تباہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو کمزور سمجھ کر بہت بڑی غلطی کی، پاک فضائیہ نےمودی کی غلط فہمی کو رافیل طیارے گرا کر دور کیا، بھارت کبھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ ہم نے آپ کے فوجی ہیڈکوارٹرز کو تباہ کر دیا، پاکستان ایک مضبوط ایٹمی قوت کے طور پر خطے میں موجود ہے اور دشمن نے کوئی بھی کوشش کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔