سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے اساتذہ کیلئے ٹیکس چھوٹ بحال کرنے کی منظوری دے دی
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے اساتذہ کیلئے ٹیکس چھوٹ بحال کرنے کی منظوری دے دی، قومی اسمبلی پہلے ہی اساتذہ کو ٹیکس چھوٹ بحال کرنے کی منظوری دے چکی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا جس میں انکم ٹیکس ترمیمی بل 2025 کی منظوری دے دی گئی۔
بل کے تحت اساتذہ کیلئے ٹیکس چھوٹ کی بحالی کی سفارش منظور کرلی گئی۔
دوران اجلاس چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) نے کہا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے بھی اساتذہ کو ٹیکس چھوٹ بحال کرنے کی منظوری دی ہے۔
چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں اساتذہ کو ٹیکس چھوٹ کی سفارش کی گئی تھی، ایف بی آر نے اس وقت کمیٹی کی سفارش کو منظور نہیں کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک سال کے بعد ایف بی آر اساتذہ کو ٹیکس چھوٹ کی بحالی کی سفارش کر رہا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ سے رواں سال ٹیکس کٹوتی نہیں کی گئی، اورآئندہ مالی سال سے اساتذہ کو ٹیکس چھوٹ حاصل ہوگی۔