پاکستان

بھارت سے آنے والے دریائےچناب کے بہاؤ میں گزشتہ روز کے مقابلے میں اضافہ

ہیڈمرالہ کےمقام پر آج دریائے چناب میں پانی کی آمد 30 ہزار 600 کیوسک ہوگئی جبکہ پانی کا اخراج 10 ہزار 300 کیوسک ہوگیا، واپڈا

بھارت سے پاکستان میں داخل ہونے والے دریائےچناب کے بہاؤ میں گزشتہ روز کے مقابلے میں اضافہ ہوا ہے تاہم ہیڈامرالہ کے مقام پردریائے چناب میں پانی کی آمد 2 روز پہلے کے مقابلے میں اب بھی کم ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق واپڈا کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہیڈمرالہ کےمقام پر آج دریائے چناب میں پانی کی آمد 30 ہزار 600 کیوسک ہوگئی جبکہ پانی کا اخراج 10 ہزار 300 کیوسک ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہیڈمرالہ کےمقام پردریائے چناب میں پانی کی آمد7 ہزار 200 کیوسک رہ گئی تھی جبکہ پانی کا اخراج صفرکیوسک تھا۔

یاد رہے کہ دریائے چناب میں ہیڈامرالہ کے مقام پر 30 مئی کوپانی کی آمد 44 ہزار800 جبکہ 29مئی کو پانی کی آمد 98 ہزار200 کیوسک تھی۔

واپڈا کے اعلامیے کے مطابق تربیلا کے مقام پردریائےسندھ میں پانی کی آمد ایک لاکھ 32 ہزار 300 اور اخراج ایک لاکھ 45 ہزار کیوسک ہے جبکہ منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 36 ہزار 700 اور اخراج 25 ہزار کیوسک ہے۔

اعلامیے کے مطابق چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 2 لاکھ 6 ہزار 400 اوراخراج ایک لاکھ 94 ہزار کیوسک ہے جبکہ نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد 29 ہزار 900 اور اخراج 29 ہزار 900 کوسک ہے۔