میونخ: پی ایس جی نے پہلی مرتبہ یورپین لیگ جیت لی، جشن ہنگاموں میں تبدیل، سیکڑوں گرفتار
فرانسیسی فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) نے انٹر میلان کو یکطرفہ مقابلے میں 0-5 سے شکست دینے کے بعد پہلی مرتبہ چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، تاہم فرانسیسی کلب کی جیت کا جشن ہنگاموں میں تبدیل ہوگیا، پولیس نے سیکڑوں افراد کو گرفتار کرلیا۔
ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق فاتح ٹیم کے اسٹرائیکر ڈیزائر ڈوئے نے 2 شاندار گول کر کے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے میچ کے 12ویں منٹ میں ایک خوبصورت موو کے ذریعے اشرف حکیمی کو قریب سے پہلا گول کرنے کا موقع دیا، صرف آٹھ منٹ بعد ایک ڈیفلیکٹڈ شاٹ کے ذریعے انہوں نے خود دوسرا گول کر کے برتری کو دگنا کر دیا۔
63ویں منٹ میں ڈیزائر ڈوئے نے ایک عمدہ شاٹ کے ذریعے گیند کو نچلے کونے میں پھینک کر میچ کو فیصلہ کن مرحلے میں پہنچا دیا، اس کے بعد خویچا کوارٹسخیلیا نے ایک لمبی دوڑ کے بعد ٹیم کا چوتھا گول اسکور کیا، اور آخر میں متبادل کھلاڑی سینی مایولو نے آخری گول کر کے انٹر میلان کی شکست کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکی۔
دریں اثنا، پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے ہزاروں حامیوں نے ہفتے کو چیمپئنز لیگ کے فائنل میں اپنی ٹیم کی فتح کا جشن منانے کے لیے فرانسیسی دارالحکومت کی سڑکوں کا رخ کیا، تاہم پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے دوران 500 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ مختلف واقعات میں 2 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق پیرس کے جنوب مغربی علاقے میں کار کی ٹکر سے اسکوٹر پر سوار خاتون ہلاک ہو گئی جبکہ جنوب مغربی قصبے ڈیکس میں ایک 17 سالہ نوجوان کو جشن کے دوران چاقو مار کر قتل کر دیا گیا، ہنگامہ آرائی کے الزام میں مجموعی طور پر 559 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے 491 گرفتاریاں پیرس میں ہوئیں۔
اگرچہ زیادہ تر شائقین نے پرامن طریقے سے جشن منایا، تاہم پولیس کے مطابق شانزے لیزے ایونیو اور پی ایس جی کے ہوم گراؤنڈ پارک دے پرانس کے قریب جھڑپیں ہوئیں، جہاں 48 ہزار شائقین نے میونخ میں انٹر میلان کے خلاف 0-5 کی فتح بڑی اسکرینوں پر دیکھی۔
پیرس پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں سے زیادہ تر آتش بازی رکھنے اور بدنظمی پھیلانے کے شبہے میں پکڑے گئے۔
اے ایف پی کے صحافیوں نے دیکھا کہ پولیس نے ایک ہجوم کو آرک دی تریومف کی جانب بڑھنے سے روکنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ شانزے لیزے پر شرپسند عناصر واقعے پیدا کرنے کے ارادے سے بار بار پولیس سے ٹکرا رہے تھے اور بڑی آتش بازی سمیت دیگر اشیا پھینک رہے تھے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں پولیس کو مداحوں کو منتشر کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے سی ایل پی پریس کی جانب سے جاری ویڈیو سوشل میڈیا پر گردشن کررہے ہیں، جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جشن کے دوران حالات پرتشدد ہنگاموں میں تبدیل ہو گئے اور متعدد گاڑیاں جلتی ہوئی نظر آئیں۔
ان ویڈیوز میں پیرس کی سڑکوں پر آگ کے شعلے اور دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے، جب کہ کچھ مقامات پر نوجوان گروہوں کو پولیس پر اشیا پھینکتے ہوئے بھی دیکھا گیا، رپورٹس کے مطابق ان ہنگاموں کے دوران املاک کو بھی نقصان پہنچا اور سیکیورٹی فورسز کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن اور دیگر اقدامات کا سہارا لینا پڑا۔
پولیس اور سوشل میڈیا صارفین دونوں کا کہنا ہے کہ پرامن جشن تیزی سے بدنظمی میں بدل گیا، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سخت کارروائی کی۔
پیرس سے باہر، فرانسیسی شہر گرینوبل (جنوب مشرقی فرانس) میں پی ایس جی کی فتح کا جشن مناتے مداحوں پر ایک کار چڑھ دوڑی، جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق تمام زخمی افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، واقعے کے بعد ڈرائیور نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا اور اسے حراست میں لے لیا گیا ہے، تحقیقات سے وابستہ ایک ذریعے نے بتایا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق یہ واقعہ جان بوجھ کر نہیں کیا گیا۔
ادھر پیرس میں پی ایس جی کی یورپی فٹبال کی سب سے بڑی فتح پر زیادہ تر مداحوں نے خوشی کا اظہار گلیوں میں گانے گانے، رقص کرنے اور گاڑیوں کے ہارن بجا کر کیا، یہ کلب کی تاریخ میں پہلی بار ہے کہ انہوں نے یورپی چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جیتا ہے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے دفتر نے اعلان کیا کہ وہ آج فاتح کھلاڑیوں کو مبارکباد دینے کے لیے ایوان صدر میں مدعو کریں گے۔
صدر میکرون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پیغام میں اس فتح کو پی ایس جی کے لیے خوشی کا دن قرار دیا۔
انہوں نے لکھا کہ شاباش، ہم سب فخر محسوس کر رہے ہیں، آج رات پیرس یورپ کا دارالحکومت ہے۔
پیرس کی میئر این ہیڈالگو نے بھی اس جیت کو تاریخی قرار دیا، پی ایس جی کی ٹیم آج شانزے لیزے میں فتح کا جلوس نکالے گی، جہاں دسیوں ہزار مداحوں کی شرکت متوقع ہے تاکہ وہ اپنے فاتح کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیکھ سکیں۔