پاکستان

خیبرپختونخوا: باجوڑ اور بنوں کے تھانوں پر رات گئے دہشت گردوں کے حملے، 4 اہلکار زخمی

لوئی ماموند اور میریان تھانے نشانہ بنے، پولیس اہلکاروں نے دلیری سے مقابلہ کیا، زخمی ہونے کے باوجود دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچایا، آئی جی پختونخوا کا نقد انعام، تعریفی اسناد کا اعلان

خیبرپختونخوا کے اضلاع باجوڑ اور بنوں کے تھانوں پر رات گئے دہشت گردوں کے حملے کو پولیس نے ناکام بنا دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق گزشتہ رات دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے تھانہ لوئی ماموند پر حملہ کیا، دہشت گردوں نے لانچرز کے ذریعے پولیس اسٹیشن پر گرینیڈ پھینکے، ساتھ ہی ایس ایم جی، آر پی جی اور دستی بموں کا استعمال بھی کیا۔

پولیس کے جوانوں نے دلیری سے مقابلہ کیا اور اپنی جگہ پر ڈٹ کر مناسب انداز میں جوابی کارروائی شروع کی، دستی بم حملے میں اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) فضل خان، کانسٹیبل طورسم، کانسٹیبل شاکر اور حسن خان معمولی زخمی ہوئے، تاہم مقابلہ جاری رکھا اور دہشت گردوں کو بھی نقصان پہنچایا۔

پولیس کی جوابی کارروائی میں کئی دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اسی طرح رات گئے ضلع بنوں میں بھی پولیس اسٹیشن میریان پر فتنۃ الخوارج نے دہشت گرد حملہ کیا اور تھانے میں موجود پولیس جوانوں نے 50 منٹ سے زیادہ بہادری سے ان کا مقابلہ کیا اور حملے کو کامیابی سے پسپا کر دیا گیا۔

حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے تھانوں میں تعینات پولیس افسران اور جوانوں کی بہادری اور ثابت قدمی کو سراہا۔

انہوں نے پولیس کی دونوں ٹیموں کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ فتنۃ الخوارج کا آخری مرحلے تک پیچھا کیا جائے گا، خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کا ایک بار پھر خاتمہ کرے گی اور دہشت گردوں کو ان کے مذموم عزائم کو پورا کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

ذوالفقار حمید کے مطابق لوئی ماموند اور میریان میں پولیس اسٹیشن فتنۃ الخوارج کے حملوں کا نشانہ بنے، حملوں میں 4 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے لیکن انہوں نے مقابلہ جاری رکھا، دہشت گردوں کو بھی نقصان پہنچایا، کئی دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔