کراچی اور خیبرپختونخوا میں کانگو وائرس سے مزید 3 افراد دم توڑ گئے
پاکستان میں کانگو وائرس پھیلنے لگا ہے، خیبر پختونخوا میں 2 جب کہ کراچی میں مزید ایک شہری وائرس سے زندگی کی بازی ہار گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں زیرِ علاج کانگو وائرس سے متاثرہ 2 افراد جانبر نہ ہوسکے جس کے بعد صوبے میں تین روز کے دوران وائرس سے دم توڑنے والوں کی مجموعی تعداد 3 ہو گئی ہے۔
مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام علی نے عیدالاضحیٰ کے دوران بے احتیاطی کو کانگو سے موت کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’جاں بحق افراد کے گھروں میں کنٹیکٹ ٹریسنگ اور سنیٹائزیشن کا عمل جاری ہے‘۔
ادھر کراچی میں بھی گزشتہ 3 روز کے دوران کانگو وائرس سے 2 افراد دم توڑ گئے ہیں۔
ترجمان صوبائی محکمہ صحت کے مطابق ابراہیم حیدری کے رہائشی 22 سالہ نوجوان زبیر لکھیو کانگو وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا۔
وائرس میں مبتلا زبیر لکھیو کو ایک ہفتہ قبل انتہائی تشویشناک حالت میں ’سندھ انفکشس ڈیزیز ہسپتال‘ لایا گیا تھا جہاں اُس کا علاج کیا گیا، تاہم آج محنت کش نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا۔
اس سے قبل 17 جون کو بھی کانگو وائرس کے باعث ملیر کے رہائشی عبدالرؤف کا انتقال ہوگیا تھا۔
ترجمان مطابق محکمہ صحت نے بتایا کہ ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں،کانگو وائرس سے متعلق عوام کو آگاہی اوراحتیاطی تدابیر سے متعلق معلومات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ طبی ماہرین نے بھی شہریوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔