قومی اسمبلی کےاسٹاف کی حفاظت، اراکین کی ذمے داری ہے، اسپیکر
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کا اسٹاف سب کا اسٹاف ہے، ان کی حفاظت کرنا بھی اراکین کی ذمے داری ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کےدوران اسپیکر قومی اسمبلی نے اراکین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کا اسٹاف سب کا اسٹاف ہے، چاہے افسران ہوں یا سیکیورٹی اسٹاف ہو، ان کی ذمے داری ہے اور میں انہیں ہدایت کرتا ہوں کہ اگر کوئی ایسی صورتحال پیدا ہو جہاں خدشہ ہو کہ ایک دوسرے کو ہاتھ لگ جائے گا تو اس صورتحال سے بچانے کے لیے آپ لوگ بیچ میں آئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹاف کے لوگ آپ کے سامنے بول نہیں سکتے، نہ حکومتی اراکین کے سامنے اور نہ ہی اپوزیشن کے اراکین کے سامنے، تو براہ مہربانی یہ مت سوچیے گا کہ اسٹاف کے لوگ حکومت کے ہیں یا اسپیکر کے، یہ سب کے سامنے جواب دہ ہیں، تو اس لیے ان لوگوں کی حفاظت کرنا بھی آپ لوگوں ( اراکین ) کی ذمے داری ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ میں امید رکھتا ہوں جیسے آج ہماری کئی گھنٹے گفتگو ہوئی ہے، یہ پارلیمنٹ ہم سب کی ہے اور ٹریژری اور اپوزیشن اس گاڑی کے دوپہیے ہیں، اس کو چلانے ہماری ذمے داری ہے اور ہم پاکستانی عوام کو جواب دہ ہیں کہ ہم یہاں ایسی چیزیں کریں جو عوام کے مفاد میں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں توقع رکھتا ہوں کہ جیسا آج کا دن گزرا ہے انشااللہ ایسا دن کبھی بھی نہیں آئے گا، احتجاج کرنا اور بات کرنا ہر ایک کا حق ہے، ہم لوگ ایک دوسرے کی عزت کرکے بات کریں گے تو بات اچھی بھی لگے گی اور جو مقصد حل کرنا چاہتے ہیں وہ بھی ہوجائے گا۔