پاکستان

پنجاب میں 25 فیصد زائد بارشوں کا امکان ، کراچی میں جمعے کو بارش کی پیش گوئی

پنجاب میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے اور پہلا اسپیل یکم جولائی تک جاری رہے گا، پی ڈی ایم اے
|

پرووینشیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) نے پنجاب میں اس سال مون سون کی بارشیں معمول سے 25 فیصد زیادہ ہونے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات ( پی ڈی ایم ) نے کراچی میں جمعے کو بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات پہلے ہی 25 جون بدھ سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر چکا ہے، مون سون کی بارشیں جون سے ستمبر کے درمیان ہوتی ہیں، جو گرمی سے نجات دیتی ہیں اور آبی ذخائر کو بھرنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے بیان کے مطابق، پنجاب میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے اور پہلا اسپیل یکم جولائی تک جاری رہے گا، اس دوران بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب، نبیل جاوید نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے، انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 اور واسا سمیت تمام متعلقہ ادارے الرٹ پر ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارش متوقع ہے۔

جنوبی پنجاب میں ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں 26 سے 28 جون تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل نے وزیراعلیٰ کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ’ اس سال مون سون کی بارشیں معمول سے 25 فیصد زیادہ ہوں گی۔’

انہوں نے مزید کہا کہ ’ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیرات و مواصلات، بلدیات اور لائیو اسٹاک کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔’

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شدید موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کا منصوبہ بنائیں۔

انہوں نے مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے خبردار کیا، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خود کو آسمانی بجلی سے محفوظ رکھنے کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

کراچی میں بارش متوقع

محکمہ موسمیات نے کراچی ڈویژن کے لیے تین روزہ موسمی پیش گوئی جاری کی ہے، جس کے مطابق جمعہ کی شام کو کہیں کہیں بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔

آج (بدھ) شہر کا موسم جزوی طور پر ابر آلود، گرم اور مرطوب رہے گا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ اور صبح کے وقت نمی کی سطح 72 فیصد رہے گی۔

کل (جمعرات) کے لیے پیش گوئی کی گئی ہے کہ موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہے گا، جبکہ کہیں کہیں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ اور نمی کی سطح 70 سے 80 فیصد کے درمیان رہے گی۔

جمعہ کو محکمہ موسمیات نے گرم و مرطوب موسم کے ساتھ شام میں کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ اور صبح کے وقت نمی کی سطح 70 سے 80 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، ساتھ ہی جنوب مغربی ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق،’ مون سون کی ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں اور ان کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔’

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ’ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے اور امکان ہے کہ کل (جمعرات) تک زیادہ فعال ہو جائے گا۔’

اس کے اثر کے تحت، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ اور دادو اضلاع میں کل (جمعرات) گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ 27 جون کو سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، خیرپور، گھوٹکی، کشمور، دادو، نوشہروفیروز، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، تھرپارکر، میرپور خاص، سانگھڑ، جامشورو، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، بدین اور کراچی ڈویژن میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔