26 ارکان کی قانون کے مطابق نااہلی بنتی ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنے ارکان اسمبلی کو کہیں ایوان جمہوریت کا گھر ہے اسے خراب نہ کریں، 26 ارکان کی قانون کے مطابق نااہلی بنتی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی کی اولڈ بلڈنگ میں ملک محمد احمد خان نے لمز یونیورسٹی کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئین کے آرٹیکل تریسٹھ ٹو کے تحت آئین کی پاسداری کا حلف توڑا گیا جس کے مطابق 26اپوزیشن ارکان کی نااہلی آئینی طور پر بنتی ہے۔
ان کاکہنا تھاکہ اپوزیشن کے دنگا فساد کی وجہ سے 22 سال سے عوام بجٹ تقریر نہ سن سکے، کوئی بھی سیاسی جماعت ہو وزیر خزانہ کی تقریر میں ہمیشہ کتابیں پھاڑ کر پھینکی جاتی ہیں، اور اسپیکر پر حملہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے،اپوزیشن کے اس طرح کے بے وقوفانہ عمل کو روکنا چاہتا ہوں۔
ان کاکہنا تھاکہ عوام کو شور میں کیسے پتا چلے گا کہ تعلیم یا صحت پر کتنے پیسے خرچ ہوئے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی نااہلی کا فیصلہ عدلیہ کا بدترین فیصلہ تھا۔
ملک احمد خان نے کہا کہ جو اپوزیشن ارکان فحش اشارے اور گالیاں دیتے رہے اور ہراساں کرتے رہے، انہیں آرٹیکل تریسٹھ ٹوکے تحت معطل کرنا اسپیکر کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کہتے ہیں کہ وہ حکومت نہیں بلکہ اسپیکر کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں۔
خیال رہے کہ 28 جون کو پنجاب اسمبلی میںوزیر اعلیٰ پنجاب کی تقریر کے دوران احتجاج کرنے پر اسپیکر ملک احمد خان نے اپوزیشن کے 26 ارکان کو معطل کر دیا تھا۔