• KHI: Sunny 17.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.5°C
  • KHI: Sunny 17.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.5°C

پنجاب اسمبلی: اپوزیشن کے 26 ارکان معطل، نا اہلی ریفرنس آج ہی الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا اعلان

شائع June 28, 2025
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بعض عناصر پر نظام کو لپیٹنے کی سازش کا الزام بھی عائد کیا
—فوٹو: ڈان نیوز
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بعض عناصر پر نظام کو لپیٹنے کی سازش کا الزام بھی عائد کیا —فوٹو: ڈان نیوز

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقریر کے دوران احتجاج کرنا مہنگا پڑ گیا، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اپوزیشن کے 26 ارکان کو معطل کر دیا، اور ان ارکان کی نااہلی کے لیے ریفرنس آج ہی الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا اعلان کر دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی کے 26 ارکان کو معطل کر دیا گیا ہے، ان ارکان نے گزشتہ روز اسمبلی میں مریم نواز کی تقریر کے دوران نعرے بازی اور شدید احتجاج کیا تھا، پنجاب اسمبلی میں توڑ پھوڑ کرنے پر 10 ارکان پر 20 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا گیا، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر 2 لاکھ 3 ہزار 550 روپے فی کس ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

مخصوص نشستیں چھننے کے بعد پی ٹی آئی کو ایک اور جھٹکا لگ گیا، بجٹ اجلاس اور مریم نواز کی تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے تحریک انصاف کے 26 ارکان کو 15 اجلاسوں کے لیے معطل کردیا۔

یہی نہیں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے ان ارکان کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن کو آج ہی ریفرنس بھیجنے کا بھی اعلان کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کرنے والے ارکان پر جرمانہ بھی عائد کردیا ہے۔

کون کون سے رکن جرمانے کی زد میں آئے ؟

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ڈیسک پر چڑھ کر مائیک توڑنے والے 10 ارکان پر 20 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، ادائیگی 7 روز میں نہ کرنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اسپیکر کے حکم نامے کے مطابق فیصلہ 16 جون کے اجلاس میں پیش آئے واقعات پر کیا گیا، جرمانے کی زد میں آنے والے ارکان اسمبلی میں چوہدری جاوید کوثر، اسد عباس، محمد تنویر اسلم، سید رفعت محمود، محمد اسماعیل، شہباز احمد، امتیاز محمود، خالد زبیر نثار، رانا اورنگ زیب، محمد احسن علی شامل ہیں۔

گرما گرم پریس کانفرنس کے دوران ملک احمد خان نے کہا کہ کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ایوان کویرغمال بنائے، انہوں نے بعض عناصر پر موجودہ نظام کو لپیٹنے کی سازش کا الزام بھی عائد کیا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ’ایوان کی حرمت کو ہر حال میں مقدم رکھنا میری ذمہ داری ہے، 2014 میں بھی حکومت نہ ملنے پر دھرنا دیا گیا تھا، پی ٹی آئی نے 2014 میں بھی دھاندلی کے الزامات لگا کر نظام مفلوج کرنے کی کوشش کی تھی‘۔

ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ ’ایوان کے تقدس کا خیال رکھنا ہر ایک کے لیے ضروری ہے، ایوان کو قواعد و ضوابط کے مطابق چلانا میری ذمہ داری ہے، اسمبلی میں حکومتی جماعت کو برتری حاصل ہے، سسٹم کو یرغمال بنانے نہیں دیں گے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ایوان میں اپوزیشن ارکان کا رویہ افسوس ناک ہے، ایوان کی حرمت اور نظم و ضبط ہر حال میں برقرار رکھا جائےگا، جمہوری، پارلیمانی روایات کی پاسداری پر یقین رکھتا ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمیشہ آئین کی پاسداری کی تلقین کی ہے، آئندہ بھی کروں گا‘۔

اپوزیشن ارکان کا حکمت عملی پر غور

اپوزیشن ارکان کی معطلی پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکمت عملی بنانے کے لیے سر جوڑ لیے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کےاپوزیشن ارکان کی معطلی پر اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ایم پی اے ہاسٹل میں طلب کرلیا گیا ہے۔

اپوزیشن ارکان کا کہنا ہے کہ مل کر فیصلہ کریں گے اور حکمت عملی بنائی‍ں گے، اسپیکر تو ریفرنس بھیجنے کا اختیار ہی نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پارلیمانی لیڈر نےکب اسپیکر کو کہا کہ ارکان نے بات نہیں مانی؟،

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025