لائف اسٹائل

حمیرا اصغر کی تدفین کردی گئی

حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے ڈیفینس کے فلیٹ سے ملی تھی،جہاں وہ 2018 سے رہائش پذیر تھیں۔
|

کراچی میں مردہ حالت میں پائی گئی اداکارہ حمیرا اصغر کی تدفین پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کردی گئی۔

حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے ڈیفینس کے فلیٹ سے ملی تھی،جہاں وہ 2018 سے رہائش پذیر تھیں۔

ابتدائی طور پر پولیس نے بتایا تھا کہ اداکارہ کی لاش تقریبا دو ہفتے پرانی ہے، بعد ازاں 9 جولائی کو بتایا گیا تھا کہ ان کی لاش 6 ماہ پرانی ہے، تاہم 10 جولائی کو سامنے آنے والی پوسٹ مارٹم رپورٹ سے انکشاف ہوا تھا کہ اداکارہ کی لاش 10 ماہ تک پرانی ہے۔

پولیس و اہل خانہ کے مطابق حمیرا اصغر کا اکتوبر 2024 سے ہر کسی سے رابطہ منقطع ہو چکا تھا۔

اداکارہ کے بھائی نوید اصغر 10 جولائی کو ان کی لاش لینے کے لیے لاہور سے کراچی پہنچے تھے، جہاں سے وہ میت لے کر رات کو ہی روانہ ہوئے تھے۔

اداکارہ کی لاش لاہور میں 11 جولائی کو دوپہر کے وقت پہنچیں، جس کے بعد ان کی نماز جنازہ ادا کرکے ان کی تدفین کی گئی۔

اداکارہ کی نماز جنازہ لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ادا کی گئی، جس کے بعد ان کی تدفین آبائی قبرستان میں کیو بلاک قبرستان میں کردی گئی۔

اداکارہ کی لاش پہنچنے پر لاہور میں جذباتی مناظر دیکھے گئے، ان کے قریبی رشتے دار اور عام شہری بھی غم میں ڈوبے دکھائی دیے۔