بھارت نے لابنگ شروع کردی، ایشیا کپ کی منسوخی کا خطرہ
بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے معاملے پر پاکستان کے خلاف لابنگ شروع کر دی، ممبر ممالک کو دھمکیاں دے کر اور لالچ دے کر 24 جولائی کی میٹنگ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اگر میٹنگ نہ ہو سکی تو ایشیا کپ منسوخ ہو سکتا ہے۔
ڈان نیوز نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ گذشتہ روز ورلڈ چیمپئن شپ لیجنڈ میں پاکستان بھارت کا میچ جس طرح منسوخ کرایا گیا، اس کے بعد بھارت اور اس کا کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کے معاملے پر بھی اسی پالیسی پر عمل کرے گا۔
24 جولائی کو بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں میٹنگ شیڈول ہے جو محسن نقوی نے بطور ایشین کرکٹ کونسل سربراہ شیڈول کی ہے، بھارت وہاں جانے سے سیاسی بنیادوں پر گریزاں ہے اور نہ صرف بھارت بلکہ اس نے ایک دو اور ممبر ممالک کو بھی اپنے ساتھ ملا لیا ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل کے قوانین کے مطابق اگر تین سے چار فل ممبر اس میٹنگ کے خلاف ہو جاتے ہیں تو پھر ایشیا کپ کا انعقاد خطرے میں پڑ سکتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایشین کرکٹ کونسل اب تک اس بات پر قائم ہیں کہ یہ میٹنگ 24 جولائی کو ہو گی لیکن بھارت اس کا بائیکاٹ کرنے کی دھمکی دے رہا ہے۔
اگر یہ میٹنگ نہ ہوئی تو پھر ایشیا کپ کا انعقاد خطرے میں پڑ سکتا ہے، اگلے دو سے تین دن میں صورتحال واضح ہو جائے گی۔