پاکستان سے ایران اور عراق جانے والے زائرین کیلئے آپریٹرز کو چارٹر سروسز شروع کرنےکی دعوت
پاکستان سے ایران اور عراق کے لیے جانے والے زائرین کو فضائی سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) نے تمام آپریٹرز کو پاکستان سے ایران اور عراق کے لیے چارٹر سروسز شروع کرنےکی دعوت دے دی ہے۔
متعلقہ حکام ایران اور عراق جانے والے زائرین کو نقل و حمل کے لیے خصوصی طور پر فضائی رابطے کے ذریعے سہولت فراہم کریں گے۔
پی سی اے اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان سے ایران اور عراق کے لیے چارٹر سروسز شروع کرنے کی دعوت دیتے ہیں، درست ایئر چارٹر لائسنس رکھنے والے آپریٹرز اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔
پی سی اے اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مذہبی سیاحت سے متعلق تمام درخواستوں کی منظوری کویقینی بنایا جائے گا۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے رواں سال زائرین کی حفاظت کے پیش نظر سڑک کے ذریعے ایران اور بعد ازاں وہاں سے عراق جانے کے خواہشمند زائرین کو بذریعہ سڑک سفر سے روک دیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ زائرین کو اس سال بذریعہ سڑک ایران و عراق جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر پیغام میں کہا تھا کہ زیارت اربعین کے لیے عراق و ایران کے فضائی سفر کی اجازت ہوگی۔