پاکستان

اسلام آباد، راولپنڈی، خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر اور زلزلے کا مرکز راوت سے 15 کلومیٹر دور تھا۔
|

اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں میں 5.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق زلزلہ ایبٹ آباد، چکوال، اٹک، نوشہرہ، صوابی، حضرو اور حسن ابدال میں بھی آیا ہے، جھٹکوں کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

زلزلہ کوہ پیما کے مطابق زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر اور زلزلے کا مرکز راوت سے 15 کلومیٹر دور تھا۔

لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے نکل گئے۔

زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ رات 2 بجے بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

ڈان نیوز کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے آگاہ کیا گیا تھا کہ زلزلے کی شدت 5.4، گہرائی 102 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان میں تھا۔

حالیہ مہینوں میں زلزلے کے جھٹکوں کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، مئی سے جون کے دوران کراچی میں 57 سے زائد بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

اسی عرصے میں پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔