پاکستان

بنوں: پولیس چوکی پر حملے میں اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک

دہشتگردوں نے رات گئے فتح خیل چوکی کو نشانہ بنایا، 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے، جوابی کارروائی پر دہشتگردوں کے ساتھی دم دبا کر فرار، وفاقی وزیر داخلہ کا پولیس کو خراج تحسین۔

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں نے رات گئے بھاری ہتھیاروں سے پولیس چوکی پر حملہ کیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔ پولیس کی بھر پور جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے، دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں نے رات گئے بھاری ہتھیاروں سے پولیس چوکی فتح خیل پر حملہ کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوئے۔

پولیس کے جوانوں نے بھر پور جوابی کارروائی کی اور 3 دہشت گردوں کو ٹھکانے لگا دیا، ان کے دیگر دم دبا کر ساتھی فرار ہوگئے، ریسکیو نے زخمی پولیس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر حملے میں شہید اہلکار روح نیاز خان کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔

پولیس لائن بنوں میں نماز جنازہ کے دوران ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) بنوں ریجن ، ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) بنوں سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی اور پھول چڑھائے۔

محسن نقوی کا پولیس کو خراج تحسین

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس چوکی فتح خیل پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے شہید اہلکار کو خراج عقیدت اور ورثا سے تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پولیس نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا، بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کی ہلاکت پر پولیس کو خراج تحسین کرتے ہیں۔