پاکستان

حکومت نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا ایک اور ٹینڈر جاری کر دیا

ایک لاکھ ٹن چینی کے گزشتہ ٹینڈر میں موصول ہونے والی آفرز کے مطابق 227 روپے فی کلو میں چینی پاکستان پہنچنا تھی، وہ ٹینڈر منسوخ ہونے کا امکان ہے، ذرائع
|

حکومت نے چینی درآمد کرنے کا ایک اور ٹینڈر جاری کر دیا، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے مطابق ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا ٹینڈر جاری کیا گیا ہے جو 11 اگست کو کھولا جائے گا۔

ڈان نیوز کے مطابق حکومت پاکستان نے چینی درآمد کرنے کا ایک اور ٹینڈرز جاری کیا ہے،ٹی سی پی کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا ٹینڈر11 اگست کو کھولا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اس سے پہلے بھی ٹی سی پی ٹینڈر کر چکی ہے، گزشتہ ٹینڈر میں 4 کمپنیوں نے بولیاں جمع کرائی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بولی جمع کروانے والی کمپنیوں کے ریٹ زیادہ ہونے کے باعث وہ ٹینڈر منسوخ کیے جانے کا امکان ہے، گزشتہ ٹینڈر کے بعد موصول ہونے والی پیشکشوں کے مطابق درآمدی چینی 227 روپے فی کلو تک پاکستان میں پہنچنا تھی۔

یاد رہے کہ 25 جولائی کو ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی جانب سے پچھلی کوشش میں کوئی بولی نہ ملنے کے بعد اندرون ملک چینی کی قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لیے ایک لاکھ ٹن سفید ریفائنڈ چینی درآمد کرنے کے لیے نیا بین الاقوامی ٹینڈر جاری کیا گیا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ نئے ٹینڈر میں درآمد کا ہدف پہلے مقرر کردہ 50 ہزار میٹرک ٹن سے دُگنا کر دیا گیا ہے، قیمتوں کی پیشکش جمع کروانے کی آخری تاریخ 31 جولائی مقرر کی گئی تھی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پچھلے ٹینڈر میں کوئی بھی بولی موصول نہیں ہوئی تھی کیوں کہ تاجروں کے مطابق شپمنٹ اور ترسیل کے اوقات غیر حقیقی تھے، اس ردعمل کے پیش نظر، ٹی سی پی نے نئے ٹینڈر میں ڈیلیوری کے اوقات میں نرمی کی تھی۔