پی ٹی آئی احتجاج: راولپنڈی میں 10 اگست تک دفعہ 144 نافذ، سیاسی اجتماعات، ریلیوں پر پابندی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے ضلع بھر میں 4 اگست سے 10 اگست تک دفعہ 144 نافذ کر دی، سیاسی اجتماعات، ریلیوں اور جلوس پر مکمل پابندی ہوگی۔
ڈان نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق ضلع بھر میں 4 اگست سے 10 اگست تک دفعہ 144 نافذ رہے گی۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی میں سیاسی اجتماعات، ریلیوں اور جلوسوں پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔
ادھر، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ہے، مزید کہنا تھا کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بننے والوں کی فی الفور گرفتاری ہوگی۔
ڈی سی اسلام آباد کے مطابق دفعہ 144 کے تحت کسی بھی قسم کے اجتماع یا اکٹھ پر پابندی عائد ہے، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی، ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بننے کی اپیل کر دی۔
دریں اثنا، پی ٹی آئی کے کل احتجاج کے معاملے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے سیکیورٹی بڑھانے کے لیے سی پی او راولپنڈی کو مراسلہ بجھوا دیا۔
مراسلے میں جیل انتظامیہ نے سفارش کی ہے کہ پی ٹی آئی احتجاج کے دوران اڈیالہ جیل کے اطراف اضافی سیکیورٹی تعینات کی جائے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے اضافی سیکیورٹی جیل کے اطراف تعینات کی جائے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مراسلے کے بعد سی پی او نے جیل کے اطراف اضافی سیکیورٹی تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کو کل (5 اگست) 2 سال مکمل ہوجائیں گے، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔
ادھر، آج پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ آپ لوگوں نے یقینی بنانا ہے کہ کل احتجاج پُرامن ہو، یہ ہمارے نئے مرحلے کا آغاز ہے، اس کے بعد ہم اپنے احتجاج میں شدت لائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کل ہم نے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہے اور دنیا کو بتانا ہے کہ لوگ آج بھی عمران خان کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، اور ان ہتھکنڈوں سے ہمارے حوصلے پست ہوئے ہیں اور نہ ہم ڈرے ہیں۔
تاہم، ڈان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج کی کوئی واضح حکمت عملی نہیں بنائی جاسکی۔
پی ٹی آئی کی قیادت نے پنجاب کے تمام حلقوں میں احتجاج کی ہدایت کر دی تھی، لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ حلقوں میں ریلیاں نکالنے اور احتجاج کرنے کے حق میں ہیں۔
قائدین کی رائے ہے کہ گرفتاریوں اور مقدمات سے بچنے کے لیے حلقوں میں احتجاج درست فیصلہ ہوگا، لاہور میں احتجاج کے لیے رہنماؤں کی مختلف آرا سامنے آئی ہیں۔