کراچی: ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی فیکٹری میں آتشزدگی، 5 منزلہ عمارت منہدم، 8 افراد زخمی
کراچی کے علاقے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی (ای پی زیڈ اے) میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 5 منزلہ عمارت منہدم ہوگئی، آگ سے جھلس کر 8 افراد زخمی ہوگئے جب کہ ریسکیو اداروں نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں واقع ایکسپورٹ پروسیسنگ کی گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، آگ نے قریبی 2 منزلہ عمارت کی بالائی منزل کو بھی لپیٹ میں لے لیا، آگ پھیلنے کے خدشے پر برابر والی عمارت خالی کروالی گئی۔
آگ کی شدت کے باعث پہلے 5 منزلہ عمارت کا کچھ حصہ گرا اور پھر پوری عمارت ہی منہدم ہوگئی، آگ سے جھلس کر 7 افراد زخمی بھی ہوگئے۔
آگ لگنے کے وقت فیکٹری میں خواتین سمیت ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہیں ریسکیو اداروں نے بروقت عمارت سے نکال لیا، خواتین ورکرز سمیت کئی ملازمین ہنگامی اخراج اور عمارت سے متصل کھمبے کے ذریعے عمارت سے باہر نکلے۔
حکام کے مطابق عمارت سے وقفے وقفے سے دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں جب کہ آگ لگنے سے عمارت کی چھت کا کچھ حصہ بھی منہدم ہوا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان حسن الحق حسیب خان نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ مجموعی طور پر 20 فائر ٹینڈرز، 2 اسنارکلز، 5 ایمبولینسس اور واٹر بوزرز آگ بجھانے کے عمل میں شامل تھے، جس پر شام 4 بجے قابو پایا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ انہیں واقعے کی اطلاع صبح 10 بجے موصول ہوئی، جس کے بعد مسلسل کوششیں جاری رہیں اور شام تک آگ پر قابو پا لیا گیا، تاہم کولنگ کا عمل ابھی جاری ہے جس میں وقت لگے گا۔
چیئرمین ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اے ڈی خواجہ نے بتایا کہ متاثرہ فیکٹری میں پرانے کپڑے کی ریسائکلنگ کا کام ہوتا ہے، آگ لگنے کی اطلاع ساڑھے 10 بجے کے قریب ملی، ابتدا میں ای پی زیڈ اے کے فائر ٹینڈرز پہنچے تھے تاہم آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس
ادھر، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لانڈھی پروسیسنگ زون کی فیکٹری میں آتشزدگی کا نوٹس لے لیا تھا۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔
انہوں نے کمشنر کراچی کو واقعے کی مکمل انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فیکٹری مالکان اور مزدوروں کی مکمل معاونت کی جائے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کو آتشزدگی کے واقعے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ آگ لگنے کے وقت بڑی تعداد میں ملازمین فیکٹری میں موجود تھے، ریسکیو حکام نے تمام افراد کو بحفاظت نکالا، وزیراعلیٰ نے ریسکیو عملے کی کارکردگی کو سراہا۔
مراد علی شاہ کو آگاہ کیا گیا کہ آگ سے متاثرہ گارمنٹ فیکٹری کی 5 منزلہ عمارت زمین بوس ہو گئی، جبکہ عمارت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا، وزیراعلیٰ نے زخمی شخص کے فوری علاج کی ہدایت کردی۔