کاروبار

اسٹاک مارکیٹ کی ریکارڈ توڑ پیش قدمی جاری، ایک لاکھ 46 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور

کاروبار کے دوران 993 پوائنٹس اضافے سے انڈیکس ایک لاکھ 46 ہزار 81 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، مارکیٹ 558 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 45 ہزار 647 کی سطح پر بند ہوئی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے جمعرات کو مضبوط کارپوریٹ نتائج کے باعث اپنی ریکارڈ توڑ پیش رفت جاری رکھی اور دوران کاروبار ایک لاکھ 46 ہزار پوائنٹس کی نئی حد عبور کرگیا۔

مارکیٹ میں کاروبار کے دوران دن 12 بجکر 37 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 993 پوائنٹس (0.68 فیصد) کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 46 ہزار 81 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز ایک لاکھ 45 ہزار 88 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

تاہم کچھ دیر بعد حصص کی قیمتوں میں معمولی کمی آئی اور سہ پہر 3 بجکر 9 منٹ پر انڈیکس ایک لاکھ 45 ہزار 613 پوائنٹس پر آگیا، جو کہ گزشتہ روز کے مقابلے میں 525 پوائنٹس (0.36 فیصد) اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ بھی دیکھا گیا اور یہ صبح 11 بجے کے قریب ایک لاکھ 45 ہزار 250 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی گیا۔

کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 558 پوائنٹس یا 0.39 فیصد کے اضافے سے ایک لاکھ 45 ہزار 647 کی سطح پر بند ہوا۔

اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ریسرچ ڈائریکٹر اویس اشرف نے ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مضبوط کارپوریٹ نتائج یا عمدہ منافع کی امید کی حامل کمپنیوں میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی انڈیکس کو نئی بلند سطح پر لے گئی ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کی جانب سے بھارت پر اضافی 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے سے بھی مارکیٹ کے رجحان کو تقویت ملی ہے۔

مستقبل کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے اشرف نے کہا کہ ’ہم توقع کرتے ہیں کہ کے ایس ای-100 انڈیکس 25 دسمبر تک ایک لاکھ 65 ہزار 215 پوائنٹس تک پہنچ جائے گا، جس کی بنیاد منافع میں مسلسل اضافہ، فکسڈ انکم ریٹرن میں کمی اور روپے کی نسبتاً مستحکم صورتحال ہوگی‘۔

گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ کی ریکارڈ پیش رفت پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ حکومتی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔